Live Updates

کراچی والوں کیلئے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں نمایاں کمی کا امکان

صارفین کو بجلی کے نرخوں میں ممکنہ کمی کی صورت میں آئندہ مہینے کے بلوں میں ریلف ملنے کی توقع ہے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 12 جون 2025 11:14

کراچی والوں کیلئے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں نمایاں کمی کا امکان
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جون 2025ء ) کراچی والوں کیلئے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں نمایاں کمی کا امکان پیدا ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک نے بجلی کی قیمت میں 4 روپے 69 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست نیپرا میں دائر کی ہے، درخواست ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں جمع کرائی گئی ہے، کے الیکٹرک کی درخواست پر سماعت 19 جون کو ہوگی، اگر درخواست منظور کر لی گئی تو کراچی کے صارفین کو مجموعی طور پر 7 ارب 17 کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا، صارفین کو بجلی کے نرخوں میں ممکنہ کمی کی صورت میں آئندہ مہینے کے بلوں میں ریلف ملنے کی توقع ہے۔

دوسری طرف آئندہ مالی سال کے بجٹ میں حکومت کی جانب سے بجلی کے صارفین پر اضافی مالی بوجھ ڈالنے کی تیاریاں جاری ہیں، بجلی کے بلوں پر عائد سرچارج کی موجودہ 10 فیصد حد ختم کرنے اور نیپرا ایکٹ میں ترمیم کے ذریعے حکومت کو بلوں میں اضافہ کرنے کا اختیار دینے کا فیصلہ زیر غور ہے، بجلی صارفین سے فی یونٹ 3 روپے 23 پیسے تک سرچارج وصول کرنے کی تجویز دی گئی ہے تاہم فی الحال سرچارج میں اضافے کا کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ترمیم کے تحت حکومت مخصوص مدت اور کیس ٹو کیس بنیاد پر سرچارج میں اضافہ کر سکے گی، حکومت بجٹ یا دیگر مالی حالات کے مطابق بجلی بلوں میں اضافی سرچارج عائد کر سکے گی جس سے عام صارفین پر مہنگائی کا نیا دباو پڑنے کا امکان ہے، ماضی میں یہ سرچارج بنیادی طور پر گردشی قرضے کے سود کی ادائیگی کیلئے استعمال کیا جاتا رہا ہے اور اب بھی حکومت گردشی قرضے کو ختم کرنے کیلئے 1275 ارب روپے کا قرض لینے جا رہی ہے، یہ قرض کمرشل بینکوں سے لیا جائے گا جسے آئندہ چھ سالوں میں بجلی صارفین سے سرچارج کے ذریعے واپس کیا جائے گا۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات