Live Updates

مودی کا جنگی جنون، بھارت نے جدید ہائپر سونک میزائل کے تجربے کی تیاری کرلی

اس جدید ہائپرسونک میزائل کی سپیڈ آواز کی رفتار سے بھی 8 گنا زیادہ ہے، 1500 کلومیٹر رینج والا یہ میزائل تقریباً 11 ہزار کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرتا ہے؛ رپورٹ

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 12 جون 2025 12:39

مودی کا جنگی جنون، بھارت نے جدید ہائپر سونک میزائل کے تجربے کی تیاری ..
نئی دہلی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جون 2025ء ) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے جنگی جنون کے باعث بھارت نے جدید ہائپر سونک میزائل کے تجربے کی تیاری کرلی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے خلاف ممکنہ جارحیت کی نیت سے بھارت تیزی سےحملہ آور نظام تیار کر رہا ہے، جدید ہائپرسونک میزائل کی تیاری اس بات کا واضح اشارہ ہے۔ زی نیوز نے رپورٹ کیا ہے کہ بھارت سب سے جدید ہائپرسونک میزائل ET-LDHCM کی آزمائش کی تیاری کر رہا ہے، یہ منصوبہ ڈی آر ڈی او کے خفیہ پروگرام "پروجیکٹ وشنو" کے تحت تیار ہوا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ اس میزائل کو ایشیا میں طاقت کے توازن کو بدلنے والا گیم چینجر قرار دیا جا رہا ہے، یہ میزائل بھارت کو دشمن کے علاقے میں چند منٹوں میں انتہائی مہلک حملہ کرنے کی صلاحیت دے گا، اس جدید ہائپرسونک میزائل کی سپیڈ آواز کی رفتار سے بھی 8 گنا زیادہ ہے، یہ میزائل تقریباً 11 ہزار کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرتا ہے، 1500 کلومیٹر رینج والا یہ میزائل ایک سیکنڈ میں تین کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ یہ نیوکلیئر یا روایتی وار ہیڈ لے جا سکتا ہے جن کا وزن 1,000 سے 2,000 کلوگرام ہو سکتا ہے، یہ میزائل بیلسٹک میزائلز کے برعکس کم بلندی پر پرواز کر سکتا اور اپنی سمت بھی بدل سکتا ہے، یہ میزائل زمین، فضاء اور سمندر تینوں جگہوں سے لانچ کیا جا سکتا ہے، یہ دشمن کے ریڈار، بحری بیڑے یا کمانڈ سینٹرز کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، بھارت اس ٹیکنالوجی کے ساتھ امریکہ، روس اور چین جیسے ممالک کی صف میں شامل ہو جائے گا۔

کہا جارہا ہے کہ پاکستان اس خطرناک رجحان پر سنجیدہ تحفظات رکھتا ہے اور اسے خطے کے امن کے لیے نقصان دہ سمجھتا ہے، بھارت کا یہ ہائپرسونک میزائل تجربہ خطے میں طاقت کے توازن کو مزید بگاڑ کراسلحے کی نئی دوڑ کوجنم دے گا، پاکستان نے بارہا اسلحے پر قابو پانے، اعتماد سازی، اور دو طرفہ مذاکرات پر زور دیا ہے، جو کہ نیٹ ریجنل سٹیبلائزر کی حیثیت سے پاکستان کی سنجیدگی کا ثبوت ہے، پاکستان کی جوہری اور دفاعی حکمت عملی صرف دفاعی نوعیت کی ہے، پاکستان اپنے قومی سلامتی کے مفادات کا ہر صورت میں دفاع کرے گا، لیکن کبھی بھی جارحیت کی ابتداء نہیں کرے گا، پاکستان، نیٹ ریجنل سٹیبلائزر ہونے کے ناطے ایسے اقدامات سے اجتناب کرتا ہے جو خطے میں کشیدگی کو بڑھاوا دیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات