Live Updates

دہلی ہائیکورٹ نے شبیر شاہ کی درخواست ضمانت مسترد کردی،مزید کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط، قابض انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف مظاہرے

جمعرات 12 جون 2025 16:18

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) دہلی ہائی کورٹ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ کی ایک جھوٹے مقدمے میں درخواست ضمانت مسترد کر دی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جسٹس نوین چاولہ اور جسٹس شلندر کور پر مشتمل ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے ٹرائل کورٹ کے 7 جولائی 2023 کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے درخواست ضمانت مسترد کردی۔

شبیر احمد شاہ کے خلاف یہ جھوٹا مقدمہ بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے ”این آئی اے“ نے 2017میں درج کیا تھا۔ شبیر احمد شاہ نئی دلی کی تہاڑ جیل میں بند ہیں۔قابض انتظامیہ نے بانہال اور ہندواڑہ کے علاقوں میں تین کشمیریوں کی باغات کی اراضی اور کئی دکانیں ضبط کر لی ہیں جو کشمیریوں کو ان کے ہی وطن میں اجنبی بنانے اور ضبط شدہ جائیدادیں غیر کشمیریوں کو دیکر علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے مذموم بھارتی ایجنڈے کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

پلوامہ اور گاندربل اضلاع میں لوگوں نے قابض انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف مظاہرے کئے ۔ پلوامہ قصبے کے مکینوں نے علاقے میں صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال کے خلاف احتجاج کیا جبکہ گاندربل میں لوگ بلدیاتی اداروں کے فنڈز کے غلط استعمال پر سڑکوں پر نکل آئے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت فوجی جارحیت اور جابرانہ قوانین کے ذریعے حق خود ارادیت کے حصول کے لئے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کو ہرگز دبایانہیں جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے غیر قانونی بھارتی قبضے کو کبھی تسلیم نہیں کیا اور وہ آزادی کے مطالبے سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات