حلیم زئی ،بجلی گزشتہ تین دن سے خراب ،پینے کا پانی ناپید ،عوام مشکلات کا شکار

غلنئی ٹیسکو اور واپڈا اہلکار بجلی ٹھیک کرنے کیلئے گاڑی میں پٹرول ڈلوانے کی فرمائش کرنے لگے

جمعرات 12 جون 2025 22:33

غلنئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2025ء)مہمند اٹوخیل تحصیل حلیم زئی میں بجلی گزشتہ تین دن سے خراب ،پینے کا پانی ناپید ہونے سے عوام مشکلات کا شکار ہوگئے ،غلنئی ٹیسکو اور واپڈا اہلکار بجلی ٹھیک کرنے کیلئے گاڑی میں پٹرول ڈلوانے کی فرمائش کرنے لگے ۔ان خیالات کا اظہار ویخ زلمی کے صدر حسرت مومند اور علاقہ اٹوخیل کے باسیوں نے ایک اخباری بیان میں کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس شدید گرمی کے ہوتے ہوئے تحصیل حلیمزء کے علاقہ اٹوخیل کے بیس ہزار ابادی کو بجلی سے محروم رکھ کر غلنئی واپڈا سپرنٹنڈنٹ اور لائن مینوں نے یزیدیت کا مظاہرہ کیا ہی. اگر بجلی کا مطالبہ کیا جاتا ہے تو سپرنٹنڈنٹ واپڈا اور ٹیسکو اپنے خودغرض لائن مینوں کی ایما پر فالٹ کا بہانہ بناتے ہیں اور ایک تار میں بجلی نہیں چھوڑتے جس کی وجہ سے پینے کے پانی کی شدید قلت ہی. ایک طرف شدید گرمی اور دوسری طرف پانی کا نہ ہونا عوام کے ٹینشن میں اضافہ کرتے ہیں.حسرت مومند اور اہلیان علاقہ کا کہنا تھا کہ بجلی لائن درست کرنے کیلیے لائن مین نہیں آتے اور فرمائش کرتے ہیں کہ گاڑی کو تیل ڈلوانے کا خرچہ دیدو تو ہم آتے ہیں اور افسوس یہ کہ اپنی ڈیوٹی کرنے کیلیے رشوت غریب عوام سے مانگتے ہیں۔

(جاری ہے)

سماجی تنظیم مومند ویخ زلمی کے صدر کا کہنا تھاکہ چوبیس گھنٹے میں فقط تین گھنٹے بجلی ہمیں وقفے وقفے سے دیجاتی ہے اور جیب گرم نہ رکھنے پر ایک تار میں بجلی نہیں چھوڑی جاتی۔انہوں نے کہاکہ تحصیل ناظم اور ایم پی اے نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور ٹیسکو واپڈا مہمند کو من مانی کرانے کیلئے آزاد چھوڑ دیا ہے۔انہوں نے ڈی سی انتظامیہ سے رابطہ کیاکہ ہمیں کیوں بجلی نہیں دیجاتی تو انہوں نے گرڈ سپرنٹنڈنٹ سے رابطہ کیا تو سپرنٹنڈنٹ نے انہیں ہوائی باتوں میں الجھانے کی کوشش کی۔

علاقہ اٹوخیل کے غریب عوام اور تنظیم مومند ویخ زلمی کے صدر نے دھمکی دی ہے کہ اگر فوری ہماری بجلی درست نہ کی گئی تو ہم پشاور باجوڑ مرکزی سڑک احتجاجا بلاک کرینگے اور خصوصی طور پر ماربل لیجانے والے گاڑیوں کو روکیں گی. انہوں نے مزید کہاکہ بجلی فورا ٹھیک نہیں کی گئی تو ہم بیس ہزار ابادی کے لوگ بچوں کو پولیو قطرے پلانے سے انکار کرکے انتظامیہ کے ساتھ کسی قسم کا تعاون نہیں کرینگی.ان کا مزید کہنا تھا کہ واپڈا اور ٹیسکو اہلکار ہمارے علاقے میں آئے تو ان پر سنگ باری کی جائے گی اور حالات خراب ہونے کی ذمہ داری انتظامیہ پر ہوگی.اور کل سے ہم احتجاج شروع کرینگی. سڑکوں کو بند کرینگے اور پولیو قطروں سے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہیں،کیونکہ ہمیں، ہمارے بچوں اور جانوروں کو پینے کا پانی نہیں ملتا تو پولیو کی قطروں کی کیا ضرورت ہے۔