Live Updates

بھارتی طیارہ حادثہ، برطانوی بادشاہ اور وزیراعظم سمیت عالمی رہنمائوں کا افسوس کا اظہار

جمعرات 12 جون 2025 21:30

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2025ء) برطانوی بادشاہ چارلس، برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر، روسی اور فرانسیسی صدور سمیت کئی عالمی رہنماں نے بھارتی شہر احمد آباد میں طیارے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں۔برطانوی شاہی خاندان کی جانب سے سوشل میڈیا ایکس پر جاری پیغام میں بادشاہ چارلس نے کہا کہ انہیں احمد آباد میں ہونے والے طیارہ حادثے کی خبر سن کر شدید صدمہ پہنچا، شاہ چارلس نے طیارے حادثے کے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور ان کی اہلیہ اس خوفناک حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے لیے دعا گو ہیں۔

برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے واقعے پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جائے حادثہ کے مناظر کو تباہ کن قرار دیا۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں انہوں نے لکھا کہ لندن کے لیے اڑان بھرنے والے طیارے میں کئی برطانوی شہری سوار تھے، انہوں نے کہا کہ تمام تر صورت حال سے انہیں آگاہ کیا جارہا ہے۔یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان نے کہا کہ وہ حادثے کا شکار افراد کے اہلخانہ سے گہری ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں، دکھ کی اس گھڑی میں یورپ بھارتی حکومت اور عوام کے ساتھ ہے۔

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بھی طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ہمدردیاں طیارہ حادثے کے متاثرین کے ساتھ ہیں۔ فرانسیسی صدر میکرون کا کہنا تھا کہ احمدآباد میں طیارہ گرنے کے افسوسناک حادثے کا علم ہوا، دکھ کے ان لمحات میں میری دلی ہمدردیاں متاثرین کے ساتھ ہیں۔آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز اور آئرلینڈ کے وزیراعظم مائیکل مارٹن نے طیارے حادثے کی خبر کو افسوس ناک قرار دیا۔ بنگلادیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس نے بھارت کو کسی بھی قسم کی مدد کی پیشکش بھی کردی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات