سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت اقبال ٹاؤن اور صدر ڈویژنزکی کارکردگی کا جائزہ اجلاس

جمعہ 13 جون 2025 12:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2025ء) سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں اقبال ٹاؤن اور صدر ڈویژنزکی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محرم الحرام کے جامع سکیورٹی پلان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سی سی پی او لاہور نے محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیس افسران عزاداران اور امن کمیٹی سے مل کرحکومتی ایس او پیزکی روشنی میں سکیورٹی پلان کوحتمی شکل دیں۔

بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران قیام ِ امن اولین ترجیح ہے۔سی سی پی اولاہور نے چینی باشندوں کی سکیورٹی کے بہترین انتظامات کی ہدایات جاری کیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے پی ایس ایل میچز ، پاکستان بنگلہ دیش کرکٹ سیریز اور عید الاضحی کے بہترین سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہارکیا۔ بلال صدیق کمیانہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جرائم کی روک تھام کیلئے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ سے بھر پور تعاون کریں۔

سی سی پی او لاہور نے ڈی آئی جی (انوسٹی گیشن)ذیشان رضا کومنشیات کے مقدمات کی تفتیش میں نقائص چھوڑنے والے پولیس ملازمین کے خلاف کارروائی کا ٹاسک سونپ دیا۔انہوں نے کہا کہ منشیات کے مقدمات میں ناقص کارکردگی دکھانے والے پولیس ملازمین کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ بہتر نتائج کے حصول کیلئے پولیس افسران محکمانہ ایس او پیز پرعملدرآمد کروائیں اور مسلسل فالو اپ کریں۔

سی سی پی او لاہور نے کہا کہ پولیس افسران منشیات سے پاک معاشرے کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ آئس اور ہیروئین سمیت تمام ماڈرن نشوں کے خاتمے کیلئے متحرک ہو کر کام کریں۔بلال صدیق کمیانہ نے افسران کو جھگیوں میں رہنے والے خانہ بدوش بچوں کو جرائم سے بچانے کیلئے لائحہ عمل تشکیل دینے کی بھی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہوٹل آئی اورٹریول آئی سافٹ ویئرز کی مدد سے اشتہاریوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

اجلاس میں ڈی آئی جی (ایڈمن)عمران کشور،ڈی آئی جی(انوسٹی گیشن)ذیشان رضا، ڈی آئی جی(آپریشنز)فیصل کامران، ایس ایس پی (انوسٹی گیشن)محمد نوید، ایس ایس پی (آپریشنز)تصور اقبال ،اقبال ٹاؤن اورصدر ڈویژنز کے ایس پیز، اے ایس پیز،سرکل افسران، ایس ایچ اوز اور انچارجزنے شرکت کی۔