Live Updates

جب سے بنولے اور کھل پر بھاری سیلز ٹیکس عائد کیا گیا ہے جننگ انڈسٹری تباہ ہونا شروع ہو گئی‘ڈاکٹر جسو مل

جمعہ 13 جون 2025 20:29

رحیم یارخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جون2025ء)پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن(پی سی جی ای)کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کی ایک ہنگامی میٹنگ پی سی جی اے ہاس ملتان میں زیرِصدارت چیئرمین پی سی جی اے ڈاکٹر جسو مل منعقد ہوئی۔ جس میں وفاقی بجٹ برائے سال 2025-26 کا جننگ انڈسٹری کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین ڈاکٹر جسومل نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب سے بنولے اور کھل پر بھاری سیلز ٹیکس عائد کیا گیا ہے جننگ انڈسٹری تباہ ہونا شروع ہو گئی۔

کھل اور بنولے پر ٹیکس کے مضمرات سے پی سی جی اے دوسال سے متعلقہ حکام کو مسلسل آگاہ کرتی رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ چودھری وحید ارشد نے اپنے چیئرمین شپ کے دور میں سابق چیئرمین حاجی محمد اکرم، سابق چیئرمین سہیل محمود ہرل، حنیف سابق وائس چیئرمین رانا وسیم حنیف اور دیگر کے ساتھ مل کر کاشتکاروں کے حق کے لیے اور جننگ انڈسٹری کی بحالی کی خاطر ان بھاری اور ظالمانہ ٹیکسوں کے خاتمہ کے لیے متعلقہ حکام سے ان گنت ملاقاتیں کیں اور انھوں نے خود بھی اپنی ٹیم سینئر وائس چیئرمین شیخ فیاض احمد، وائس چیئرمین محمد اشفاق رامے اور راجہ رمیش کمار اتوانی کے ہمراہFBR کے چیئرمین و دیگر حکام، وزارتِ تجارت، وزارتِ نیشنل فوڈ اسیکورٹی، وزراتِ منصوبہ بندی اور وزارتِ خزانہ کے وفاقی وزار،SIFC کے ڈی۔

(جاری ہے)

جی، ڈپٹی پرائم منسٹر یہاں تک کہ وزیرِ اعظم پاکستان سے بھی میٹنگز کیں اور ان ٹیکسوں کے نفاذ کی وجہ سے کاشتکاروں، جننگ انڈسٹری، ٹیکسٹائل انڈسٹری اور قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصانات سے مدلل انداز میں آگاہ کیا اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے مفاد میں ان کے فوری خاتمے کا پر زور مطالبہ کیا۔ ان ملاقاتوں کے علاوہ ہم نے بشمول صدر پاکستان، چیف جسٹس آف پاکستان اور مذکورہ تمام حکام کو اپنی معروضات تحریری طور پر بھی ارسال کیں۔

انھوں نے کہا کہ ان ملاقاتوں میں ارباب اختیار اور وزیرِ اعظم پاکستان نے ہمیں اس بجٹ میں ان ٹیکسوں کے خاتمے کا حتمی طور یقین دلایا گیا مگر بڑے افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ اعلی ترین سطح پر کیے وعدے وعید بھی ایفا نہ کیے گئے اور بجٹ2025-26 میں ان ٹیکسوں کو برقرار ارکھا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن اس بجٹ کو مسترد کرتی ہے اور کاشتکاروں اور جننگ انڈسٹری کے لیے زہرِقاتل قرار دیتی ہے اور ایک بار پھر کھل اور بنولے پر عائد بھاری ٹیکسوں کے مکمل خاتمے کا مطالبہ کرتی ہے۔

اجلاس میں شریک پی سی جی اے کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے ممبران نے بھی چیئرمین، پی سی جی اے ڈاکٹر جسو مل کی تائید کی۔ اجلاس میں چیئرمین ڈاکٹر جسومل کے علاوہ سینئر وائس چیئرمین شیخ فیاض احمد، وائس چیئرمین محمد اشفاق رامے، سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے ممبران را نوید احمد، چودھری محمد یسین، محمد خبیب علی رحمانی، ہریش کمار، شام لال، عمار امجد کھنڈوا، محمد جاوید اقبال، محمد اسمعیل، چودھری اویس احمد، محمد وسیم اکرم، سابق چیئرمین چودھری وحید ارشد اور سہیل محمود ہرل، ممبرز پی سی جی اے چودھری محمد خالد بشیر، مظہر شعیب خان اور محمد مدثر نے شرکت کی۔

بعد ازاں چیئرمین پی سی جی اے ڈاکٹر جسومل نے سینئر وائس چیئرمین شیخ فیاض احمد، وائس چیئرمین محمداشفاق رامے، سابق چیئرمین چودھری وحید ارشد اور سہیل محمود ہرل نے ممبران سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی و ممبران پی سی جی اے کے ہمراہ ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے مشترکہ طور پر خطاب کیا اور مذکورہ بالا وجوہات کی بنیاد پر وفاقی بجٹ2025-26 کو یکسر مسترد کردیا اور مطالبہ دہرایا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے وسیع تر مفاد میں کھل اور بنولے پر عائد ٹیکس فوری طور پر ختم کیے جائیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات