Live Updates

حالات بدلنے کے لیے کردار کو تبدیل کرنا ضروری ہے ، مولانا محمد خان شیرانی

جمعہ 13 جون 2025 20:55

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جون2025ء) رہبر جمعیت مولانا محمد خان شیرانی نے کہا ہے کہ جو امت مذہب اور قومیت کے بنیاد پر انتشار اور تقسیم کا شکار ہو پھر مذہب کے اندر فرقوں اور مسلکوں جبکہ قومیت کے اندر زبانوں اور زئی و خیلی کی بنیاد پر پارہ پارہ ہو، اس امت کو کمزور کرنے کے لیے کسی باہر کے دشمن کی ضرورت نہیں بلکہ یہ اپنی تباہی کے لیے خود ہی کافی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے قلعہ سیف اللہ بازار میں جے یو آئی پاکستان ضلع قلعہ سیف اللہ کے زیرِ اہتمام قائم مقام ضلعی امیر مولانا محمد سرور کے زیرِ صدارت منعقد ہونے والے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا جلسے سے جمعیت اصلاحی کے رہنما رکن بلوچستان اسمبلی مولانا نوراللہ جے یو آئی پاکستان کے صوبائی امیر مولانا عبد المالک رکن مرکزی رابطہ کمیٹی مولانا عبدالغنی ساسولی مولانا محمد اقبال عثمانی محمد نواز آزاد حافظ ہمایوں چشتی مولانا عبدالبصیر ہارونجی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد خان شیرانی نے کہا کہ سیاست اور دعوت پر کسی کی اجارہ داری نہیں ہم اپنے سٹیج اور فورم کو تمام سیاسی جماعتوں اور ہر حلقہ فکر سے وابستہ لوگوں کے ساتھ شریک کرنے کے لیے تیار ہیں انہوں نے کہا کہ حالات کو بدلنے کے لیے کردار کو تبدیل کرنا ضروری ہے دو رخی اور دوغلا پن انسانی کردار نہیں بلکہ حیوانی خاصیت ہے، معاشرے میں اتحاد اور اپنائیت کا ذریعہ بننے کے لیے کردار میں توحید اور شخصیت میں یکسوئی ضروری ہے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت اصلاحی کے رہنما اور رکن بلوچستان اسمبلی مولانا نوراللہ نے کہا کہ جب سیاست کا نام لینا بھی مشکل تھا وسائل اور ذرائع بھی محدود تھے مولانا شیرانی نے ان نامساعد حالات اور مشکل ماحول میں بلوچستان کے علما اور نیک لوگوں میں سیاست کا شعور اور جماعت کی ضرورت کو اجاگر کیا آج اگرچہ مولانا شیرانی کا تعلق جے یو آئی پاکستان اور میرا تعلق جمعیت اصلاحی سے ہے لیکن جماعت کو درپیش صورتحال کے حوالے سے فکر مندی ہمارے درمیان نقطہ اشتراک ہے انہوں نے کہا کہ جمعیت کے رکنیت فارم کے پشت پر لکھا ہے کہ گناہ کبیرہ کے مستقل ارتکاب کرنے والے لوگوں کا کردار جمعیت کا کردار نہیں سمجھا جائے گا مگر اب حالات ایسے بنائے گئے ہیں کہ رنکیت فارم پر لکھے گئے اس نکتے کو تبدیل کرکے یہ لکھنا چاہیے کہ جو شخص حرام خوری کمیشن خوری اور رشوت خوری کا مستقل ارتکاب نہیں کرتا یا جماعت کے رکن کی حیثیت سے ان اعمال پر خاموش نہیں رہ سکتا وہ جمعیت کا رکن بننے کا اہل نہیں ہے انہوں نے کہا کہ میں نے اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے حکومتی اتحادی ہوتے ہوئے بھی معدنیات اور قدرتی ذخائر پر اس کے مالک عوام کے اختیار اور ملکیت پر ڈاکہ ڈالنے والے مائنز اینڈ منرلز بل کی مخالفت کی جبکہ علما کی جماعت کا نمائندہ بن کر اسمبلی میں بیٹھے ہوئے تمام ارکان نے بشمول قوم پرستوں کے، اپوزیشن میں بیٹھنے کے باوجود اس بل کی حمایت کر دی -
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات