Live Updates

سینیٹ کمیٹی کے اجلاس میں سرکاری ملازمت کی ریٹائرمنٹ کی عمر بڑھانے کی تجویز

جمعہ 13 جون 2025 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2025ء)سینٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سرکاری ملازمت کی ریٹائرمنٹ کی عمر بڑھانے کی تجویز پیش کردی گئی۔سلیم مانڈوی والا کی زیرصدارت سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ارکان سینٹ نے سرکاری ملازمت کی ریٹائرمنٹ کی عمر بڑھانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ اسے 62سال کی جائے۔

کمیٹی رکن فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کی عمر 65سال ہونی چاہیے جبکہ انوشہ رحمان نے تجویز دی کہ اس اقدام سے پنشن کا بوجھ کم ہوگا، سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ ارکان کمیٹی کی تجویز میں ذاتی طور پر ریٹائرمنٹ کی عمر بڑھانے کا حامی ہوں، وزیر خزانہ اورحکومت اس تجویز پر غور کرے گی۔وزیر خزانہ محمداورنگزیب نے کہا کہ ریٹائرمنٹ عمر 62 سال کرنے سے مالی فائدے نہیں ہوں گے،دفاعی بجٹ 2550 ارب میں سے 800 ارب روپے تنخواہیں ہیں، سرکاری امور چلانے کیلئے 970 ارب میں سے 580 ارب تنخواہیں ہیں۔

(جاری ہے)

سینیٹر فیصل واوڈا نے سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بجٹ پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ خدارا ایف بی آر کو گرفتاری کا اختیار نہ دیں، ایف بی آر کو گرفتاری کا اختیار دیا تو سرمایہ کار بھاگ جائیں گے،ایف بی آر کو دیا گیا اختیار ڈرانے اور دھمکانے کیلئے استعمال ہو گا۔وزیر خزانہ نے کہاکہ آئی ایم ایف بورڈ اجلاس کے وقت بھارتی ڈائریکٹر نے رکاوٹ کی کوشش کی، کل بھارت نے پاکستان کیلئے فنڈنگ روکنے کی ایک اور کوشش کی، بھارت کی کوشش کے باوجود پاکستان کیلئے 70 کروڑ ڈالر منظور ہوئے، ورلڈ بینک کے ووٹ سے آئی ایف سی نے فنانسنگ منظور کی۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ پالیسی ریٹ رواں مالی سال سنگل ڈیجٹ میں آنے کی امید ہے، انرجی اور ایس او ایز اصلاحات میں کامیابیاں حاصل کی ہیں، رواں مالی سال میں نجکاری میں ہمیں ناکامی ہوئی، اگلے مالی سال کے دوران نجکاری میں کامیاب ہوں گے۔انہوں نے کہا ہم نے تنخواہ دار طبقے کے بوجھ کو کم کیا ہے، تعمیراتی شعبے میں ٹرانزیکشن ٹیکسز میں کمی کی ہے، شکر ہے کہ زرعی ٹیکس پر رعایت کیلئے آئی ایم ایف نے بات مانی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات