Live Updates

بجٹ 2025-26میں بھی کراچی کے ساتھ سوتیلا سلوک برقرار رکھا گیا، احمد ندیم اعوان

جمعہ 13 جون 2025 21:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2025ء)پاکستان مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان نے آج سندھ اسمبلی میں پیش کیے گئے مالی سال 2025-26 کے بجٹ پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس بجٹ میں ایک بار پھر کراچی شہر کے ساتھ سوتیلا سلوک روا رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت مسلسل کراچی کو اس کے جائز ترقیاتی حقوق سے محروم کر رہی ہے، جو نہ صرف کراچی بلکہ پورے پاکستان کے عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بجٹ میں کراچی کے لیے کسی میگا پروجیکٹ کا اعلان نہ کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ حکمرانوں کی ترجیحات میں کراچی کہیں موجود نہیں۔ "کراچی پاکستان کا معاشی دارالحکومت ہے، یہاں کے انفرااسٹرکچر، پانی، ٹرانسپورٹ، اور امن و امان کے مسائل دن بدن بڑھ رہے ہیں، لیکن سندھ حکومت نے اس شہر کے لیے محض خانہ پری کی ہے۔احمد ندیم اعوان نے مزید کہا کہ افسر شاہی کی تنخواہوں میں اضافہ تو کر دیا گیا، مگر عام شہری کے لیے اس بجٹ میں صرف مہنگائی، ٹیکسوں کا بوجھ اور جھوٹے وعدے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے بجٹ کو اشرافیہ دوست اور عوام دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر سندھ حکومت نے اس ناانصافی پر نظرِ ثانی نہ کی تو مرکزی مسلم لیگ کراچی کے عوام کے ساتھ سڑکوں پر ہو گی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات