Live Updates

بیگم رعنا لیاقت علی خان کی برسی پرقائدِ ملت لیاقت علی خان میموریل کمیٹی کے زیراہتمام تقریب

بیگم رعنا کی خدمات کو نصاب میں شامل کیا جانا چاہیے تاکہ نئی نسل ان کے افکار و کردار سے روشنی حاصل کر سکے

ہفتہ 14 جون 2025 22:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2025ء) پاکستان کی پہلی خاتون گورنر، ممتاز سماجی رہنما اور خواتین کے حقوق کی علمبردار بیگم رعنا لیاقت علی خان کی برسی کے موقع پر قائد ملت لیاقت علی خان میموریل کمیٹی کے زیراہتمام ایک پُروقارسیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت معروف قانون دان اور سماجی کارکن محفوظ النبی ایڈوکیٹ نے کی، جب کہ صدائے انسانیت سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن شمسہ مہ جبین نے خصوصی شرکت کی۔

سیمینار میں بیگم رعنا لیاقت علی خان کی قومی و سماجی خدمات پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی۔ مقررین نے انہیں پاکستان میں خواتین کے حقوق، تعلیم اور سماجی بہبود کی جدوجہد کی اولین رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک نوزائیدہ ریاست میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے۔

(جاری ہے)

شمسہ مہ جبین نے اپنے خطاب میں کہا کہ بیگم رعنا لیاقت علی خان ہمارے لیے رول ماڈل ہیں، جنہوں نے نہ صرف خواتین کی فلاح کے لیے ادارے قائم کیے بلکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مثبت چہرہ بھی پیش کیا۔

محفوظ النبی ایڈوکیٹ نے کہا کہ بیگم رعنا کی خدمات کو نصاب میں شامل کیا جانا چاہیے تاکہ نئی نسل ان کے افکار و کردار سے روشنی حاصل کر سکے۔ انہوں نے سیمینار کے انعقاد کو ایک احسن قدم قرار دیتے ہوئے قائد ملت لیاقت علی خان میموریل کمیٹی کے اراکین کو خراج تحسین پیش کیا۔سیمینار کے آخر میں بیگم رعنا لیاقت علی خان کی روح کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی گئی اور اس بات کا عہد کیا گیا کہ ان کی خدمات کو قومی سطح پر اجاگر کیا جاتا رہے گا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات