خون کا عطیہ دراصل کسی کیلئے زندگی کا تحفہ ہے،محفوظ خون کی منتقلی سے سالانہ لاکھوں جانیں بچائی جارہی ہیں‘ مریم نواز

ہفتہ 14 جون 2025 22:42

خون کا عطیہ دراصل کسی کیلئے زندگی کا تحفہ ہے،محفوظ خون کی منتقلی سے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2025ء)وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف نے انٹرنیشنل بلڈ ڈونر ڈے پراپنے پیغام میں جان بچانے کے لئے رضا کارانہ بلڈڈونیشن کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے نوجوانوں کو رضاکارانہ طور پر بلڈ ڈونیشن کے کارخیر میں حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ خون کا عطیہ دراصل کسی کے لئے زندگی کا تحفہ ہے۔

محفوظ خون کی منتقلی سے سالانہ لاکھوں جانیں بچائی جارہی ہیں۔ رضاکارانہ طور پر بلڈ ڈونیشن کرنے والے کسی ایک فرد یا خاندان نہیں بلکہ پورے معاشرے کے محسن ہیں۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ پنجاب میں بروقت صحتمند خون کی فراہمی کے لئے مربوط سسٹم واضح کیا گیا ہے۔ خون کا ہر قطرہ قیمتی ہے، جو کسی ضرورت مند کے لئے زندگی کا پیغام بن سکتا ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب کو پاکستان کا پہلاباقاعدہ ورچوئل بلڈ بینک قائم کرنے کا اعزازحاصل ہے۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کرکے 4کا بٹن دبانے سے ورچوئل بلڈ بینک سے رابطہ ممکن ہے۔ ورچوئل بلڈ بینک کے ذریعے ضرورت مند مریض کا رابطہ ڈونرسے ممکن ہوتا ہے۔بلڈ ڈونر 15ہیلپ لائن،سیف سٹی ویب سائٹ یا پولیس خدمت مرکز پر عطیہ دینے کے لئے رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔