Live Updates

اسرائیلی حملہ ایران کی خود مختاری کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے ، رانا تنویر حسین

ہفتہ 14 جون 2025 21:50

شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2025ء) وفاقی وزیر صنعت و پیداوار و نیشنل فوڈ سکیورٹی رانا تنویر حسین نے اسرائیل کے ایران پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام نے اس حملے کو کھلی جارحیت قرار دیا ہے جو ایران کی خود مختاری کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے ، کوئی آزاد ریاست طاقت کے اس جابرانہ استعمال کی حمایت نہیں کرسکتی ، ایران ہمارا پڑوسی برادر اسلامی ملک ہے جس سے ہمارے مضبوط تعلقات ہیں ، ہم اسرائیلی جارحیت کے خلاف ہرعالمی فورم پر آواز بلند کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان کے دفتر خارجہ نے ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرکے اپنا موقف دنیا پر واضح کردیا ہے ، اسرائیل مشرق وسطیٰ میں اپنے توسیع پسندانہ عزائم کی تکمیل کی خاطر ایک عرصہ سے مسلمانوں کو جارحیت کا نشانہ بنا رہا ہے جس کی فوجی کارروائیوں سے کوئی ہمسایہ ملک محفوظ نہیں اور اب ایران پر حملہ کرکے اس نے جنوبی ایشاء میں بھی اپنی جارحیت کو وسعت دی ہے جو ناقابل قبول ہے جس کا عالمی برادری کو کڑا نوٹس لینا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ امریکہ کے جاری جوہری مذاکرات کو کامیاب بنانے کیلئے دونوں اطراف سے کوششیں جاری تھیں جو تنازعات کے حل کا واحد مہذب طریقہ ہے مگر اسرائیل نے اس عمل کو سبوتاژ کرنے کی خاطر ایران پر حملہ کیا ہے جس کا جواب دینے کا ایران کو حق حاصل ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات