Live Updates

بھارت ،اتراکھنڈ میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ،7 افراد ہلاک

اتوار 15 جون 2025 12:10

دہرادون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2025ء) بھارت کی ریاست اتراکھنڈ میں ہندو یاتریوں کو لے جانے والا ایک ہیلی کاپٹر اتوار کی علی الصبح کیدارناتھ مندر کے قریب گر کر تباہ ہوگیا جس میں سوار تمام 7 افراد ہلاک ہوگئے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام نے بتایا کہ حادثہ خراب موسم کی وجہ سے پیش آیا۔ ہیلی کاپٹر نے کیدارناتھ سے گپت کاشی کے لیے صبح 5:30 بجے اڑان بھری تھی اور کچھ ہی دیر بعد گر کر تباہ ہو گیا۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ آرین ایوی ایشن پرائیویٹ لمیٹڈ کے ذریعے چلایا جانے والا ہیلی کاپٹر کیدارگھاٹی میں گوری کنڈ اور تریجوگینارائن کے درمیان گر گیا جس کے بعداس میں آگ لگ گئی۔یہ واقعہ احمد آباد میں لندن جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز کے حادثے کے چند دن بعد پیش آیا ہے جس میں سوار 241افراد اور زمین پر موجود متعدد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔اس سے قبل 8 مئی کو گنگوتری دھام جانے والا ایک ہیلی کاپٹر اترکاشی ضلع میں گر کر تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں چھ افراد کی موت ہو گئی تھی۔7 جون کو کیدارناتھ جانے والے ایک اور ہیلی کاپٹر کو ٹیک آف کے فورا بعد تکنیکی خرابی کی وجہ سے سڑک پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ پائلٹ زخمی ہو گیا تاہم جہاز میں سوار پانچ افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات