Live Updates

خیبرپختونخوا حکومت کا ماحول دوست بجٹ، شعبہ جنگلات کے اہم منصوبوں کے لئے خطیر رقم مختص

اتوار 15 جون 2025 20:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2025ء) خیبرپختونخوا حکومت نے مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں جنگلات، جنگلی حیات اور موسمیاتی تبدیلی جیسے اہم شعبوں کو خصوصی ترجیح دیتے ہوئے 62 مختلف نئے اور جاری منصوبوں کے لیے خطیر رقم مختص کی ہے، مذکورہ شعبوں کے 33 منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ 29 نئے منصوبوں پر کام کا آغاز کیا جائے گا، ان منصوبوں کے لئے تقریبا 4 ارب 40 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جاری منصوبوں کے لئے تین ارب 79 کروڑ 40 لاکھ روپے جبکہ نئے منصوبوں کے لیے تقریباً 445 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی جنگلات پیر مصور خان نے اپنے بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ جنگلات کے شعبے میں 10 بلین ٹری سونامی پروگرام، گرین پاکستان پروگرام کو وسعت دینے اور جنگلاتی وسائل کے احیاء کے لیے ایک ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، جنگلی حیات کے تحفظ اور عوام بالخصوص بچوں کی تفریح کی غرض سے کانجو ٹاؤن شپ سوات میں منی چڑیا گھر کے قیام کے لیے 371.5 ملین روپے جبکہ پشاور ڈویژن میں چڑیا گھر کے لیے 405.5 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں، موسمیاتی تبدیلی کے شعبے میں مختلف اہم منصوبوں کے لیے بجٹ میں 454 ملین روپے رکھے گئے ہیں، صوبائی حکومت نے بجٹ میں ماحولیاتی تحفظ کو ابھی اولین ترجیح دی ہے ماحولیات کے تین جاری اور دو نئے منصوبوں کے لئے تقریبا 94 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کا مذکورہ شعبہ جات کو ترجیح دینا صرف ماحول کا تحفظ ہی نہیں بلکہ عوام کو صاف ستھرا اور تفریحی ماحول فراہم کرنا بھی ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات