Live Updates

حیدرآبادمارکیٹ پولیس کی کارروائی،سول ہسپتال کے باہر جھگڑے اور قتل میں ملوث روپوش ملزم گرفتار

اتوار 15 جون 2025 20:30

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2025ء) حیدرآباد میں مارکیٹ تھانے کی پولیس نے سول ہسپتال کے باہر ہونے والے جھگڑے اور قتل کے مقدمے میں مطلوب اہم ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایچ او مارکیٹ تھانہ انسپکٹر منیر احمد عباسی نے اپنے سٹاف کے ہمراہ دورانِ پیٹرولنگ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے قتل کی واردات میں ملوث اور روپوش ملزم اسامہ ولد جان محمد قریشی کو گرفتار کیا۔

(جاری ہے)

گرفتار ملزم کے خلاف کرائم نمبر 103/2024 بجرم دفعہ 302 اور 34 تعزیراتِ پاکستان کے تحت مقدمہ درج تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم اسامہ نے 8 جون 2024ء کو سول اسپتال کے باہر ایک آپسی جھگڑے کے دوران ذوالفقار نامی شخص کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ دم توڑ گیا تھا۔ واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا تھا اور مسلسل روپوش تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور دیگر ممکنہ ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات