پنجاب آرٹس کونسل مری کے زیر اہتمام ''مری سمر فیسٹ'' کا آغاز

اتوار 15 جون 2025 21:00

مری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر سرپرستی اور صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری کی خصوصی ہدایات پر پنجاب آرٹس کونسل مری کے زیر اہتمام ''مری سمر فیسٹ'' کا آغازجناح روڈ مری سے کیا گیا۔ رنگا رنگ تقریب کا مقصد نہ صرف سیاحوں کو معیاری تفریح فراہم کرنا ہے بلکہ ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینا بھی ہے،تقریب کی نظامت کے فرائض ملک کی معروف اور ہر دلعزیز میزبان عائشہ جہانزیب اور نوجوان نسل کے مقبول شاعر علی زریون، جو اپنی پُراثر آواز اور انداز سے حاضرین کو محضوظ کیا،فیسٹیول میں ملک کے نامور فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کیااورشرکاء سے خوب داد وصول کی،فنکاروں میں بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکار علی ظفر، کلاسیکی موسیقی کے نمائندہ فنکار زین ذوہیب، نوجوان گلوکار اون عباس، خوبصورت آواز کے مالک سونو اور اپنی کامیڈی سے ہر دل جیتنے والے معروف مزاحیہ اداکار جانی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

''مری سمر فیسٹ'' ایک یادگار ثقافتی و تفریحی شام ثابت ہوگی جو نہ صرف مری آنے والے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے لیے خوشگوار تجربہ بنے گی بلکہ ملکہ کوہسار کی ثقافتی زندگی کو بھی نئی جِلا بخشے گی،پنجاب حکومت کا یہ اقدام نوجوانوں کے لیے مثبت سرگرمیوں کی فراہمی اور علاقائی ثقافت کے فروغ کی جانب ایک عملی قدم ہے،فیسٹیول کا اہتمام پنجاب آرٹس کونسل مری کی ٹیم نے نہایت جانفشانی سے کیا ہے تاکہ عوام کو ایک محفوظ، خوبصورت اور بھرپور تفریح مہیا کی جا سکے۔