سرینگر ،ایران میں پھنسے طلباکا احتجاجی مظاہرہ

اتوار 15 جون 2025 21:30

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں پریشان حال والدین کے ایک گروپ نے آج سری نگر کی پریس کالونی میں پرامن احتجاج اورایران میں زیر تعلیم اپنے بچوں کی حفاظت پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق احتجاج کرنے والے والدین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ”ہمارے بچوں کی سلامتی یقینی بناﺅ“ جیسے نعرے درج تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بھارتی وزارت خارجہ پر زور دیا کہ وہ بچوں کے محفوظ انخلاکو یقینی بنانے کے لیے فوری اور فیصلہ کن کارروائی کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ بار بار کی اپیلوں کے باوجود واپسی کے عمل کو شروع کرنے کے لیے اب تک کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کیے گئے جس سے سینکڑوں طلبہ اور ان کے اہل خانہ سخت پریشان ہیں۔والدین کا کہنا تھا کہ "ہمارے بچے مسلسل خوف میں زندگی گزار رہے ہیں۔ مواصلات کا نظام درہم برہم ہے اور ہم بہت پریشان ہیں۔ حکومت کو صورتحال مزید خراب ہونے سے پہلے کارروائی کرنی چاہیے۔ والدین نے تہران میں بھارتی سفارتخانے سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ لاجسٹک مدد فراہم کرے اور متاثرہ طلباءکی واپسی کا راستہ نکالے۔