Live Updates

پاکستان ڈیجیٹل معیشت میں جدت، ریگولیشن اور جامع ترقی کے لیے اعلی معیار قائم کرنے کا خواہش مند ہے، وزیر خزانہ

بٹ کوائن کو پاکستان کے خودمختار ذخائر، مالیاتی استحکام اور طویل المدتی ڈیجیٹل معاشی تبدیلی کے ایک اہم ذریعہ کے طور پر دیکھتے ہیں،اجلاس سے خطاب

اتوار 15 جون 2025 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2025ء)وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیجیٹل اثاثوں کو اپنانے، ان کی ترقی میں گلوبل سائوتھ کی قیادت، ڈیجیٹل معیشت میں جدت، ریگولیشن اور جامع ترقی کے لیے اعلی معیار قائم کرنے کا خواہش مند ہے، بٹ کوائن کو پاکستان کے خودمختار ذخائر، مالیاتی استحکام اور طویل المدتی ڈیجیٹل معاشی تبدیلی کے ایک اہم ذریعہ کے طور پر دیکھتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے وزیر مملکت برائے کرپٹو اور بلاک چین بلال بن ثاقب اور سابقہ مائیکرواسٹریٹیجی کے ایگزیکٹو چیئرمین آف اسٹریٹیجی مائیکل سیلر کے ساتھ ایک اعلی سطحی اجلاس کے دوران کیا۔ وزارت خزانہ کی جانب سے اتوار کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے پاکستان کے ڈیجیٹل اثاثوں اور معاشی جدت کے عزم کا واضح اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مائیکل سیلر کی کمپنی دنیا میں بٹ کوائن کا سب سے بڑا کارپوریٹ ہولڈر ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران گفتگو کا محور یہ تھا کہ بٹ کوائن کو پاکستان کے خودمختار ذخائر، مالیاتی استحکام اور طویل المدتی ڈیجیٹل معاشی تبدیلی کے لیے ایک اہم ذریعہ کے طور پر کیسے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ مائیکل سیلر کا بٹ کوائن کانکتہ نظر وائٹ ہائوس، کیپیٹل ہل اور امریکہ کے معروف تھنک ٹینکس میں بحث کا حصہ بنا اور وہ عالمی مالیاتی حکمت عملی میں سب سے زیادہ بااثر آوازوں میں سے ایک نمایاں آواز بن کر ابھرے ہیں۔

ان کی وکالت ٹرمپ دور کے معاشی خودمختاری، مالیاتی طاقت کی غیر مرکزیت اور سخت ڈیجیٹل اثاثوں کے ذریعے طویل المدتی قومی طاقت میں سرمایہ کاری کے وژن کی بازگشت بھی ہے۔ سیلر کی کامیابی کی کہانی بے مثال ہے۔ انہیں بٹ کوائن کی ادارہ جاتی سطح پر اپنانے میں سب سے زیادہ بااثر آوازوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ ان کی قیادت میں، ایک روایتی انٹرپرائز سافٹ ویئر فرم سے تبدیل ہو کر مائیکرو اسٹریٹیجی دنیا میں بٹ کوائن کا سب سے بڑا کارپوریٹ ہولڈر بن چکی ہے۔

2020 میں اپنی بٹ کوائن حکمت عملی کے آغاز کے بعد کمپنی نے تقریبا 5 لاکھ 82 ہزار بٹ کوائنز(582,000 BTC) حاصل کیے جو جون 2025 تک 62 ارب ڈالر سے زیادہ کی مالیت رکھتے ہیں۔ اس جارحانہ حکمت عملی نے اسٹریٹیجی کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن کو 1.2 ارب ڈالر سے بڑھا کر 105 ارب ڈالر سے زیادہ وسعت دی ہے اور اسے رواں دہائی میں بہترین کارکردگی دکھانے والی ٹیک اسٹاکس میں سے ایک بنا دیا ہے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب نے کہا کہ پاکستان ڈیجیٹل اثاثوں کو اپنانے اور ان کی ترقی میں گلوبل سائوتھ کی قیادت کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل معیشت میں جدت، ریگولیشن اور جامع ترقی کے لیے اعلی معیار قائم کرنے کا خواہش مند ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک تاریخی قدم اٹھایا ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بلال بن ثاقب نے کہاکہ مائیکل سیلر کی بصیرت افروز قیادت نے دنیا میں بٹ کوائن کو ایک خودمختار درجے کے اثاثے کے طور پر دیکھنے کے انداز کو تشکیل دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ محض 5 سال میں سیلر نے اسٹریٹیجک وژن، مضبوط یقین اور منظم عمل درآمد کے ذریعے ایک درمیانے درجے کی سافٹ ویئر فرم کو100 ارب ڈالر سے زیادہ مالیت کی کمپنی میں تبدیل کر دیا ۔وزیر مملکت برائے کرپٹو اور بلاک چین نے کہا کہ اگر امریکہ میں نجی افراد یہ کچھ کر سکتے ہیں تو پاکستان بحیثیت قوم کیوں نہیں کر سکتا، ہمارے پاس صلاحیت، عزم اور توانائی موجود ہے۔

اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سابقہ مائیکرواسٹریٹیجی کے ایگزیکٹو چیئرمین آف اسٹریٹیجی مائیکل سیلر نے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے عالمی ڈیجیٹل معیشت میں پیشگی اور جدت پسندانہ موقف اپنایا ہے اور انہوں نے اس حوالے سے جاری ترقیاتی پیش رفت میں مشاورت اور تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بہت سے ذہین اور قابل لوگ موجود ہیں اور پاکستان عالمی سطح پر کاروبار کے لیے درکار عزم اور واضح راہنمائی کا بھی حامل ہے۔

سیلر نے اجلاس کے دوران کہاکہ بٹ کوائن طویل مدتی قومی استحکام کے لیے سب سے مضبوط اثاثہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان جیسے ابھرتے ہوئے ممالک کے پاس فنانس کے مستقبل میں داخلے کا ایک نایاب موقع ہے۔واضح رہے کہ بٹ کوائن کے بین الاقوامی ماہرین کے ساتھ تبادلہ خیال پاکستان کی کوششوں میں سے ایک ہے اور جو مضبوط ڈیجیٹل اثاثوں کے پالیسی فریم ورک تعمیر کرنے، عالمی ادارہ جاتی دلچسپی کو راغب کرنے اورملک کو ایک ویب3 اور بٹ کوئن کے لیے تیار ابھرتی ہوئی مارکیٹ کے طور پر متعارف کرانے کی کاوشوں کا مظہر ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات