اوتھل ،آندھی کے ساتھ تیز بارش

اتوار 15 جون 2025 21:50

اوتھل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2025ء) اوتھل میں اتوار کی شام موسم گرما کی پہلی بارش تباہی کا پیغام لے آئی، آندھی و طوفان سے شہر کا نظام درہم برہم، بجلی غائب، درجنوں سولر پلیٹس تباہ، ہزاروں کا نقصان،اوتھل اور اس کے گردونواح میں موسم گرما کی پہلی بارش نے جہاں ایک طرف گرمی کا زور توڑ کر موسم کو خوشگوار بنایا، وہیں تیز آندھی اور طوفانی ہواؤں نے شہریوں کے ہوش اڑا دیے۔

تیز ہوا کے جھکڑوں نے درجنوں گھروں اور دکانوں کے شیلٹرز اور دیواروں کو گرا دیا جبکہ درجنوں سولر پلیٹس زمین بوس ہو کر ٹوٹ گئیں۔ شہر کے مختلف علاقوں خصوصاً چنہ محلہ، مکران کالونی، گنجی محلہ، اور نواحی دیہات میں دکانوں کے شیلٹر اکھڑ گئے۔ درخت جڑوں سے اکھڑ گئے۔باغات تباہ ہوگئے، جبکہ کئی گھروں کی دیواریں گرنے سے مکینوں کو شدید مالی نقصان پہنچا۔

(جاری ہے)

کے الیکٹرک ذرائع کے مطابق طوفانی ہواؤں اور بارش سے مین ٹرانسمیشن لائن میں فنی خرابی پیدا ہو گئی، جس کے نتیجے میں اوتھل اور بیلہ کے گرڈ اسٹیشنز مکمل طور پر بند ہوگئے ہیں۔ شہر بھر میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ موسم بہتر ہوتے ہی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پیٹرولنگ شروع کریں گی تاکہ فنی خرابی کو جلد دور کیا جا سکے۔شہریوں نے شکایت کی ہے کہ نہ تو میونسپل کمیٹی اور نہ ہی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کسی قسم کا فوری ریلیف یا ہنگامی رسپانس دیکھنے میں آیا۔

عوامی حلقوں نے متاثرہ افراد کے لیے فوری امدادی پیکج اور نقصانات کے ازالے کا مطالبہ کیا ہے۔خوش قسمتی سے تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم اگر متعلقہ اداروں نے فوری اقدامات نہ کیے تو نقصانات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔