ویمنز ورلڈ کپ 2025ء شیڈول جاری،پاکستان کے میچز نیوٹرل وینیو میں ہوں گے

ایونٹ 30ستمبر سے 2نومبر تک بھارت اورسری لنکا میں شیڈول، پاک بھارت ٹاکرا 5اکتوبر کو کولمبو میں ہوگا

پیر 16 جون 2025 14:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2025ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ویمنز ورلڈ کپ 2025ء کے شیڈول کا باقاعدہ اعلان کر دیا ۔ میگا ایونٹ کا آغاز 30ستمبر کو بھارت اور سری لنکا کے درمیان افتتاحی میچ سے ہوگا۔دفاعی چمپئن آسٹریلیا یکم اکتوبر کو اپنی مہم کا آغاز نیوزی لینڈ کے خلاف کرے گا۔ پاکستان ویمن ٹیم اپنے تمام میچز سری لنکا کے نیوٹرل وینیو کولمبو میں کھیلے گی۔

ویمن ون ڈے ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچز ہائبرڈ ماڈل کے مطابق رکھے گئے ہیں، پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم اپنے تمام میچز کولمبو میں کھیلے گی، پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 5اکتوبر کو کولمبو میں مد مقابل ہوں گی۔شیڈول کے مطابق 29اکتوبر کو پاکستانی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچی تو میچ کولمبو میں ہو گا، ایونٹ کا فائنل پاکستانی ٹیم کی جیت سے مشروط ہے جس کا میچ بنگلورو یا کولمبو میں ہو گا۔

(جاری ہے)

ورلڈ کپ ویمنز کے 14میچز کی میزبانی بنگلورو، اندور، گوہاٹی اور کولمبو کریں گے، پاکستانی ویمنز ٹیم اپنا پہلا میچ بنگلا دیش کے خلاف 2 اکتوبر کو کولمبو میں کھیلے گی۔ویمنز ورلڈ کپ 2025میں شرکت کرنے والی ٹیمیں بھرپور تیاریوں میں مصروف ہیں، جبکہ شائقین کی نظریں 5 اکتوبر کے پاک بھارت ٹاکرے پر مرکوز ہیں، جسے ورلڈ کپ کا سب سے سنسنی خیز مقابلہ تصور کیا جا رہا ہے۔

ٹورنامنٹ میں پاکستان کے شیڈول میچز کے مطابق 2 اکتوبر کو پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش،5اکتوبر کو پاکستان بمقابلہ بھارت (ہائی وولٹیج مقابلہ)، 15اکتوبر کو پاکستان بمقابلہ انگلینڈ، 18اکتوبر کو پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ،21اکتوبر: پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ اور 24اکتوبر کو پاکستان بمقابلہ سری لنکا کھیلا جائے گا ۔