ہارون اختر سے مشرف زیدی کی ملاقات، الیکٹرک وہیکل پالیسی پر تبادلہ خیال

30ء تک الیکٹرک گاڑیوں بشمول دو، تین اور چار پہیوں والی گاڑیوں کا مارکیٹ شیئر 30 فیصد تک بڑھانا وزیراعظم کا وژن ہے، معاون خصوصی

پیر 16 جون 2025 23:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2025ء)وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان سے مشرف زیدی نے پیر کو ملاقات کی جس میں الیکٹرک وہیکل (ای وی) پالیسی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزارت صنعت و پیداوار کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اس ملاقات میں سیکرٹری وزارت صنعت و پیداوار سیف انجم، سی ای او انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ خدا بخش اور ایڈیشنل سیکرٹری آصف سعید لغمانی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران قومی الیکٹرک وہیکل پالیسی کی منظوری، بین الاقوامی سطح پر اس کے فروغ اور اس شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات پر گفتگو کی گئی۔ ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا وژن ہے کہ سال 2030ء تک الیکٹرک گاڑیوں بشمول دو، تین اور چار پہیوں والی گاڑیوں کا مارکیٹ شیئر 30 فیصد تک بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ای وی پالیسی تیل پر انحصار کم کرنے اور ماحولیاتی بہتری کے لیے ایک اہم قدم ہے۔مشرف زیدی نے وزیراعظم کے وڑن کے مطابق الیکٹرک وہیکل پالیسی کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کی اہمیت پر زور دیا اور پاکستان کی ای وی صلاحیت کو بین الاقوامی سطح پر فروغ دینے کی حمایت کا اظہار کیا۔