پانی بحران ،جے یو آئی بلدیہ ٹائون کا غیرقانونی ہائیڈرنٹس کے خاتمے کا مطالبہ

الطاف نگر،رمضان گوٹھ، گلشنِ چوک، کٹو گوٹھ میں غیرقانونی ہائیڈرنٹس کا خاتمہ کیا جائے ، قاری مظہرالدین کھوسو

پیر 16 جون 2025 23:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2025ء) بلدیہ ٹائون میں پانی کے شدید بحران کی وجہ غیرقانونی ہائیڈرنٹس ہے، جے یو آئی بلدیہ ٹائون نے بلدیہ ٹائون میں غیرقانونی ہائیڈرنٹس کے خاتمے کا مطالبہ کردیا اور پانی کے فراہمی کیلئے عوامی جدوجہد کا بھی اعلان کیا ہے۔جمعیت علما اسلام بلدیہ ٹائون کے جنرل سیکرٹری قاری مظہرالدین کھوسو نے مئیر کراچی مرتضی وہاب اور ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ کے نام خط میں مطالبہ کیا ہے کہ اہلیان بلدیہ ٹان پانی کی قلت سے بہت پریشان ہیں۔

مساجد، مدارس، اسکول اور دیگر ادارے پانی سے محروم ہیں۔ اس کی بڑی وجہ غیرقانونی ہائیڈرنٹس ہیں،جے یو آئی بلدیہ ٹائون پرزور مطالبہ کرتی ہے کہ الطاف نگر رمضان گوٹھ، گلشنِ چوک، گٹو گوٹھ اور دیگر علاقوں میں غیرقانونی ہائیڈرنٹس کا خاتمہ کیا جائے تاکہ عوام کو پانی ٹینکر کے ذریعے نہ خریدنا پڑے۔

(جاری ہے)

بلدیہ ٹان اس وقت کربلا کا منظرپیش کر رہا ہے،ہر محلہ اور گلی کوچوں کے بچے جوان ،بزرگ اور خواتین پینے کے پانی کے حصول کیلئے ہاتھوں میں خالی گیلن اور برتن اٹھائے سرگرداں نظر آتے ہیں۔جے یو آئی بلدیہ ٹائون پانی کے حصول کیلئے بھرپور عوامی جدوجہد شروع کررہی ہے۔ 21 جون کو جے یو آئی بلدیہ ٹائون کی مجلس شوری کے جلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔