Live Updates

مشکل ترین حالات میں بھی عمران خان کے ساتھ کھڑے رہنے والے کارکنان قوم کا فخر اور پارٹی کا سرمایہ ہیں،حکیم خان یوسفزئی

جیل سے رہائی پانے والے کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، پارٹی حوصلے، استقامت اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی، وزیر لائیو سٹاک خیبرپختونخوا

پیر 16 جون 2025 20:30

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2025ء) خیبرپختونخوا کے وزیر برائے لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے وہ مخلص اور وفادار کارکنان جو مشکل ترین حالات میں بھی قائد عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں وہ قوم کا فخر اور پارٹی کا سرمایہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے رہائش گاہ پر جیل سے رہائی پانے والے پی ٹی آئی کارکنان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ملاقات کے دوران چیئرمین کالج کالونی سیدو شریف حبیب اللہ خان اور دیگر پی ٹی آئی رہنما بھی موجود تھے۔ فضل حکیم خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ان کارکنان نے ظلم، جبر اور سیاسی انتقام کا سامنا کیا، مگر اپنے نظریے سے پیچھے نہیں ہٹے ہم ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

آپ لوگ ہمارے سر کا تاج ہیں۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ایک نظریہ ہے اور عمران خان کی قیادت میں یہ جدوجہد پاکستان میں حقیقی آزادی، شفافیت، انصاف اور عوامی حکمرانی کے لیے ہے ہم سب عمران خان کے سپاہی ہیں اور حقیقی آزادی کے حصول تک چٹان کی طرح ڈٹے رہیں گے فضل حکیم خان نے جیل سے رہائی پانے والے کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی ان کے حوصلے، استقامت اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ جدوجہد صرف ایک سیاسی جماعت کی نہیں بلکہ ملک کے ہر باشعور شہری کی ہے جو اپنے بچوں کا بہتر مستقبل چاہتا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات