بھارت کی حالیہ سیاسی ناکامیوں سے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر مرکز نگا ہ بن گیاہے،مقررین

پیر 16 جون 2025 22:10

برمنگھم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2025ء) برطانیہ کے شہر برمنگھم میں منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس کے مقررین نے کہاہے کہ بھارت کی حالیہ سیاسی ناکامیوں سے مسئلہ کشمیر ایک بار پھر عالمی سطح پر مرکز نگا ہ بن گیا ہے۔انہوں نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے بھرپور مہم جاری رکھنے پر زوردیاتاکہ کشمیریوں کویقین دلایا جاسکے کہ وہ اپنے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں تنہا نہیں ہیں ۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دیرینہ تنازعہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کانفرنس کا اہتمام انٹرنیشنل کشمیر کوآرڈینیشن کمیٹی نے کیاتھا جس کی صدارت تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے کی۔

(جاری ہے)

کانفرنس کی نظامت کے فرائض انٹرنیشنل کشمیر کوآرڈینیشن کمیٹی کے جنرل سیکرٹری انعام الحق خواجہ نے کی۔

کانفرنس میں سیاسی، مذہبی، طلباء اور دیگر تنظیموں کے رہنمائوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔کانفرنس کے شرکا نے جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے5اگست 2019کے مودی حکومت کے یکطرفہ غیر قانونی اقدامات اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے بین الاقوامی فورمز پرنہتے کشمیریوں کے خلاف بھارت کے جرائم کو بے نقاب کرنے پربھی زور دیا۔اس موقع پر ایک متفقہ قراردادبھی منظور کی گئی جس میں دفعہ 370اور 35Aکی غیر قانونی منسوخی کے چھ سال مکمل ہونے کے موقع پر 5اگست 2025کو لندن میں ایک بڑے "کشمیر مارچ" کے انعقاد کافیصلہ کیاگیا۔ مارچ برطانوی وزیراعظم کی رہائش گاہ 10ڈائوننگ اسٹریٹ سے شروع ہوکر بھارتی ہائی کمیشن پر اختتام پذیر ہوگا۔