پاکستان کے اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد کی یورپین پارلیمنٹ کی انسانی حقوق پر ذیلی کمیٹی (ڈی آر او آئی) کی نائب سربراہ مارٹا ٹیمیڈو سے ملاقات

منگل 17 جون 2025 00:20

سٹراس برگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2025ء) پاکستان کے اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد نے یورپین پارلیمنٹ کی انسانی حقوق پر ذیلی کمیٹی (ڈی آر او آئی) کی نائب سربراہ مارٹا ٹیمیڈو سے سٹراس برگ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کی جانب سے کی گئیں قانونی اصلاحات، اقلیتوں کے لیے آئینی تحفظات اور جی ایس پی پلس فریم ورک کے تحت جاری پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

پیر کو جاری پریس ریلیز کے مطابق پارلیمانی وفد کی قیادت وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک کر رہے ہیں۔ وفد نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی۔ وفد نے واضح کیا کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری جبرو بربریت کو منظر عام پر لانے اور انسانی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے عالمی برادری کی توجہ مبذول کروانے کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔