ان شاء اللہ آزاد جموں وکشمیر میں آنے والا دور پیپلزپارٹی کا ہے،چوہدری محمد الیاس

چوہدری محمد یاسین حق اور سچ بات کہنے سے کبھی نہیں گھبرائے انھوں نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کے خلاف ہونے والی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا

منگل 17 جون 2025 16:40

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2025ء)سابق ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن ضلع کوٹلی ومرکزی رہنما پاکستان پیپلزپارٹی آزاد جموں وکشمیر چوہدری محمد الیاس نے کہا ہے کہ صدر جماعت چوہدری محمد یاسین کا شمار آزاد جموں وکشمیر بھر کے سینئر سیاستدانوں میں ہوتا ہے آئے روز مختلف سیاسی جماعتوں سے لوگوں کا مستعفیٰ ہو کر چوہدری محمد یاسین کے سیاسی ہاتھ پر بیعت ہونا اور پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرنا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ ان شاء اللہ آزاد جموں وکشمیر میں آنے والا دور پیپلزپارٹی کا ہے اور ان شاء اللہ صدر جماعت چوہدری محمد یاسین وزیراعظم آزادکشمیر بن کر عوام کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے اور جملہ مسائل حل کریں گے ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہا کہ چوہدری محمد یاسین حق اور سچ بات کہنے سے کبھی نہیں گھبرائے انھوں نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کے خلاف ہونے والی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اپنی جماعت کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے رہے وہ حقیقی معنوں میں گڑھی خدا بخش کے جیالے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ میری پیپلزپارٹی کے تمام کارکنوں سے اپیل ہے کہ وہ آزاد جموں وکشمیر بھر کے اندر اب ہر گلی ہر کوچے میں بھٹو شہید اور شہید رانی کا پیغام پہنچائیں کیونکہ پیپلزپارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جو عوام کے مسائل عوام کی دہلیز پر حل کر سکتی ہے پیپلزپارٹی عوام کے مسائل سے آگاہ ہے ہمارے امیدواران آزاد جموں وکشمیر کے ہر حلقے میں موجود ہیں اور مضبوط پوزیشن میں ہیں ان شاء اللہ کامیابی تیر کی ہو گی کامیابی بھٹو بینظیر کی ہو گی۔