وفاقی وزیرِ صحت کا دورہ گلگت بلتستان انسداد پولیو اقدامات پر اہم اجلاس اور میڈیا کو بریفنگ

منگل 17 جون 2025 19:50

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2025ء) وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال نے وزیراعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر گلگت بلتستان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے حالیہ پولیو کیس کے تناظر میں انسدادِ پولیو اقدامات کا جائزہ لیا اور اہم اسٹیک ہولڈرز سے ملاقاتیں کیں۔ ان کے ہمراہ وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو محترمہ عائشہ رضا فاروق بھی موجود تھیں۔

وفاقی وزیرِ صحت نے گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں رواں برس سامنے آنے والے پہلے پولیو کیس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے کئی اضلاع میں پولیو وائرس کی موجودگی باعثِ تشویش ہے،آج ہماری نہایت اہم ملاقاتیں ہوئیں جن میں انسدادِ پولیو کے حوالے سے جامع مشاورت کی گئی۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس کے دوران انسدادِ پولیو کی موجودہ صورتِ حال، درپیش چیلنجز اور آئندہ کے لائحہ عمل پر میڈیا کو بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں وہی مؤثر اور محفوظ ویکسین استعمال ہو رہی ہے جو یورپ، چین، امریکہ اور دنیا کے دیگر تمام ممالک، بشمول مسلم ممالک میں پولیو کے خاتمے کے لیے استعمال کی جا چکی ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ منفی پروپیگنڈے کو مسترد کریں اور ہر بار بچوں کو پولیو کے قطرے پلوا کر ان کا مستقبل محفوظ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک کمیونٹی کا شعور نہیں بڑھے گا، وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا ممکن نہیں۔وفاقی وزیرِ صحت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وفاقی حکومت، صوبائی انتظامیہ اور شراکت دار اداروں کے ساتھ مل کر ملک بھر میں انسدادِ پولیو مہمات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ پاکستان کو پولیو سے مکمل طور پر پاک کیا جا سکے۔