جامعہ سندھ جام شورو کے انسٹیٹیوٹ آف سندھیالوجی کے یوٹیوب چینل نے 9ہزار سے زائد سبسکرائبرز حاصل کر لئے

منگل 17 جون 2025 21:55

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2025ء)جامعہ سندھ جام شورو کے انسٹیٹیوٹ آف سندھیالوجی کے یوٹیوب چینل نے مختصر عرصے کے دوران کامیابی کے ساتھ 9 ہزار سے زائد سبسکرائبرز حاصل کر لئے ہیں، جلد 10 ہزار سبسکرائبرز کا ہدف مکمل کر لے گا، یوٹیوب چینل چار ہزار گھنٹے سے زائد واچ ٹائم تک بھی پہنچ گیا ہے، جس کے بعد سندھیالوجی چینل نے یوٹیوب پارٹنر پروگرام کے تحت آمدنی کے حصول کیلئے اہلیت کا معیار مکمل کر لیا ہے۔

مذکورہ کامیابی جدید ڈجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے عالمی سطح تک سندھ کی ثقافت، زبان، موسیقی، ادب و تاریخی ورثے کو محفوظ کرنے اور پھیلانے کیلئے انسٹیٹیوٹ آف سندھیالوجی کی کاوشوں میں ایک اہم قدم کی نشاندہی کرتی ہے۔ پچھلے کچھ عرصے میں سندھیالوجی یوٹیوب چینل نے اپنے معیاری مواد کے باعث بڑے پیمانے پر مقبولیت حاصل کی۔

(جاری ہے)

یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کیے گئے مواد میں سندھ کے ادیبوں، شاعروں، دانشوروں، محققین، فنکاروں، سیاستدانوں و دیگر نمایاں شخصیات کے انٹرویوز، دستاویزی فلمیں، موسیقی کی نایاب ریکارڈنگز، لیکچرز، علمی ادبی کانفرنسز، ثقافتی تقریبات کی ریکارڈنگز و دیگر تاریخی مواد شامل ہے۔

چینل کی بڑھتی ہوئی مقبولیت نہ صرف سندھیالوجی ٹیم کی محنت و جذبے کو ظاہر کرتی ہے بلکہ سندھ کی ثقافتی و فکری ورثے میں عالمی دلچسپی کی بھی نشاندہی کرتی ہے، یوٹیوب کے ذریعے آمدنی کے حصول کی شرائط پوری ہونے سے اب سندھیالوجی کے ذرائع آمدن میں ایک مزید پائیدار اضافہ ممکن ہوا ہے۔ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف سندھیالوجی مرتضی سیال نے بتایا ہے کہ انہیں سندھیالوجی کی اس کامیابی پر بے حد خوشی ہو رہی ہے۔

یہ ان کی ٹیم کی محنت اور اندرون و بیرون ملک کے ناظرین کی محبتوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوٹیوب کے ذریعے ذرائع آمدن کو فعال کرنے کے ساتھ ڈیجیٹل دنیا میں اپنی موجودگی کو بڑھانے، مزید مثر بنانے اور اپنی آئندہ نسلوں کیلئے سندھ کے عظیم تاریخی و ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھنے کیلئے بھی یہ ایک اہم قدم ہے۔ انسٹیٹیوٹ آف سندھیالوجی کی جانب سے ادیبوں، شاعروں، علما، ماہرین تعلیم، طلبا، محققین اور سندھی ثقافت سے محبت رکھنے والوں کو مدعو کیا گیا ہے کہ وہ اپنی زبان و ثقافتی ورثے کو عالمی سطح پر پھیلانے میں ان کے ساتھ تعاون کریں اور چینل کو سبسکرائب کریں تاکہ اس کو مزید معیاری و مثر بنایا جا سکے، یوٹیوب چینل کا لنک https://youtube.com/@instituteofsindhology?si=n4qX1O5mEsAE-3jU ہے، جس پر ہر قسم کے معیاری ادبی مواد تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے، مزید معلومات کیلئے ای میل [email protected] پر رابطہ کیاجا سکتا ہے۔

*این آئی سی وی ڈی، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کی جانب سے عائد کردہ الزامات کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔