Live Updates

ایران میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی جاری، تفتان بارڈر پر نقل و حرکت بحال

مزید 545 زائرین اور 207 طلباء تفتان بارڈر کراسنگ کے ذریعے کوئٹہ پہنچ چکے‘کمشنرکوئٹہ

بدھ 18 جون 2025 11:25

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2025ء)ایران میں جاری کشیدگی کے دوران پھنسے پاکستانی طلباء اور زائرین کی وطن واپسی کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ کمشنر کوئٹہ محمد حمزہ شفقت کے مطابق پانچ سو پینتالیس زائرین اور دو سو سات طلباء تفتان بارڈر کراسنگ کے ذریعے کوئٹہ پہنچ چکے ہیں، جہاں سے انہیں سخت سیکیورٹی میں ان کے آبائی علاقوں کی جانب روانہ کیا جا رہا ہے۔

گزشتہ روز تہران سے تعلق رکھنے والے پاکستانی طلباء کے ایک اور گروپ نے تفتان بارڈر کراسنگ پر پہنچ کر سرحد عبور کی۔

(جاری ہے)

اس گروپ میں ایران کی میڈیکل اور انجینئرنگ جامعات میں زیر تعلیم دو سو چودہ پاکستانی طلبائ شامل تھے۔ضلعی انتظامیہ پنجگور نے بتایا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث پاک ایران سرحدی گزرگاہیں غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دی گئی ہیں۔

تاہم، تفتان بارڈر پر تجارتی سرگرمیاں اور وطن واپسی کا عمل بدستور جاری ہے۔ادھر نوے سے زائد پاکستانی طلباء کے آج گوادر پہنچنے کی توقع ہے، جن کی نگرانی اور حفاظت کے لیے ضلعی انتظامیہ نے اقدامات مکمل کر لیے ہیں۔ حکام کے مطابق حکومت پاکستان ایران میں موجود تمام پاکستانی شہریوں کی محفوظ وطن واپسی کے لیے مربوط کوششیں کر رہی ہے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات