ملک بھر میں زائد المیعاد شناختی کارڈز پر جاری 49 لاکھ سے زائد موبائل سمز کو بند کرنے کی کارروائی کا آغاز

وزارت داخلہ نے نادرا کی سفارش پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو سمز بند کرنے کے احکامات دے دیئے،منسوخ شدہ، زائد المیعاد اور فوت شدہ افراد کے شناختی کارڈز پر جاری موبائل سمز کو مرحلہ وار بند کیا جائے گا

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 18 جون 2025 13:35

ملک بھر میں زائد المیعاد شناختی کارڈز پر جاری 49 لاکھ سے زائد موبائل ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18جون 2025)ملک بھر میں زائد المیعاد شناختی کارڈز پر جاری 49 لاکھ سے زائد موبائل سمز کو بند کرنے کی کارروائی کا آغاز کردیاگیا،منسوخ شدہ، زائد المیعاد اور فوت شدہ افراد کے شناختی کارڈز پر جاری موبائل سمز کو مرحلہ وار بند کیا جائے گا،وزارت داخلہ نے نادرا کی سفارش پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو سمز بند کرنے کے احکامات دے دیئے۔

ایسے شناختی کارڈز کی مجموعی تعداد 49لاکھ 6 ہزار 611  ہے جن کی تجدید نہیں ہوئی یا ان کا انتقال ہو چکاہے۔ تفصیلات کے مطابق 2017 سے زائدالمیعاد شناختی کارڈ پر جاری موبائل سمز 30 جون 2025 کوبند کردی جائیں گی۔ 2018 میں زائد المیعاد ہونے والے شناختی کارڈز کی موبائل سمز 31 جولائی کو بند کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

پہلے مرحلے میں 2018 میں زائد المیعاد ہونے والے شناختی کارڈز کی موبائل سمز 31 جولائی، 2019 کے شناختی کارڈز پر جاری شدہ سمز 31 اگست اور 2020 کے شناختی کارڈز کی سمز 30 ستمبر تک بند ہو جائیں گی۔

دوسرے مرحلے میں 2020 کے شناختی کارڈز کی سمز 31 اکتوبر،2021کے شناختی کارڈ ز کی سمز31اکتوبر اور 2022 کے زائد المیعاد شناختی کارڈز پر رجسٹرڈ سمز 30 نومبر، سال 2023، 2024 اور 2025 میں زائد المیعاد ہونے والے شناختی کارڈز پر رجسٹرڈ موبائل سمز 31 دسمبر تک بند کر دی جائیں گی۔یاد رہے کہ اس سے قبل وزارت داخلہ کا زائد المیعاد شناختی کارڈز پر جاری تمام سمز فوری طور پر بلاک کرنے کا فیصلہ کیاتھا۔

یہ اقدام شہریوں کے کوائف کے درست اندراج اور سیکیورٹی معاملات کو یقینی بنانے کیلئے کیا گیا تھا۔ پہلے مرحلے میں 2017 یا اس سے پہلے کے شناختی کارڈز پر جاری سمز بند کی جائیں گی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور سیکٹر آئی ایٹ میں 10 منزلہ نادرا میگا سینٹر کا سنگ بنیاد رکھاتھا۔ وفاقی وزیرداخلہ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس بھی ہواتھا جس میں زائدالمیعاد شناختی کارڈز پر جاری تمام سمز فوری طور پر بلاک کرنے کا فیصلہ کیاگیاتھا۔

چیئرمین نادرا کاکہناتھاکہ پی ٹی اے کے تعاون سے وہ سمز بلاک کی جارہی ہیں جووفات پا جانے والے افراد یا جن کے زائدالمیعاد شناختی کارڈز تھے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ملک بھر میں چہرہ شناسی ٹیکنالوجی کے نفاذ کو 31 دسمبر 2025 تک یقینی بنایا جائے۔ اس عمل کی نگرانی وزارت داخلہ کرے گی۔