ججز سنیارٹی وٹرانسفر کیس، سپریم کورٹ کا مختصر حکم نامہ کل جاری کرنے کا عندیہ

ایڈوکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز کے دلائل مکمل ہوگئے، بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل ادریس اشرف نے دلائل کا آغاز کیا ، عدالت نے کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کر دی

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 18 جون 2025 14:35

ججز سنیارٹی وٹرانسفر کیس، سپریم کورٹ کا مختصر حکم نامہ کل جاری کرنے ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18جون 2025)اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز سنیارٹی وٹرانسفر کیس میں سپریم کورٹ نے مختصر حکم نامہ کل جاری کرنے کا عندیہ دیدیا، ججزسنیارٹی اور ٹرانسفر کیس میں ایڈوکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز کے دلائل مکمل ہوگئے، سماء نیوز کے مطابق ایڈووکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز نے دلائل میں موقف اپنایا ون یونٹ کی تشکیل اور تحلیل کی طرح سندھ اور بلوچستان ہائی کورٹس کو الگ الگ کرتے وقت بھی ججز کی گزشتہ سروس اور سینیارٹی کو برقرار رکھا گیا۔

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کے سامنے ریکارڈ پیش کرتے ہوئے بتا دیا کہ ماضی میں ون یونٹ بننے اور پھر ختم ہونے پر عدالتوں میں ججز کی سابقہ سنیارٹی کو برقرار رکھا گیا۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کے دلائل مکمل ہونے پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل ادریس اشرف کے دلائل شروع کئے۔

(جاری ہے)

ان کا مؤقف تھا ٹرانسفر ہوکر آنے والے ججز کی سینیارٹی ان کی اصل ہائی کورٹ میں ہی رہے گی۔

۔ نئی ہائی کورٹ میں وہ ایڈہاک جج رہیں گے۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیل کل بھی دلائل جاری رکھیں گے۔سماعت کے دوران جسٹس نعیم اخترافغان نے کہا ون یونٹ کی تشکیل اور تحلیل پر نئی عدالتیں بنیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں ججز کے تبادلہ پر ایسا نہیں ہوا۔ امجد پرویز نے جواب دیا میری دلیل اتنی ہے ماضی میں ہمیشہ ججز کی گزشتہ سروس کو ٹرانسفر پر تسلیم کیا گیا۔

پرویز مشرف کے سنگین غداری ٹرائل کیلئے سپیشل کورٹ میں بھی سینئرموسٹ جج کو سربراہ بنایا گیا۔جسٹس نعیم اختر افغان نے پوچھا آرٹیکل 200 کے تحت جج کا تبادلہ مستقل ہوگا یا عارضی؟ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے جواب دیا جہاں چیف جسٹس ہائی کورٹ کو اضافی جج کی ضرورت ہو اس کیلئے مدت کا ذکر ہے۔ ٹرانسفر مستقل ہوتی ہے۔اٹارنی جنرل نے بتایا کہ انہیں دلائل مکمل کرنے میں پندرہ منٹ لگیں گے۔

جسٹس نعیم اخترافغان نے ریمارکس دیئے ذوالفقار علی بھٹو کیس میں ججز وکلا کو کہتے رہے جلدی دلائل مکمل کر لیں۔ وکلا کے طویل دلائل کے سبب کیس تاخیر کا شکار ہوتا رہا۔ ججز ریٹائر ہوتے رہے اوربینچ کی کمپوزیشن ہی تبدیل ہو گئی۔ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کے دلائل مکمل ہونے کے بعد بانی پی ٹی آئی کے وکیل ادریس اشرف نے دلائل کا آغاز کیا۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کر دی۔ ادریس اشرف کل بھی اپنے دلائل جاری رکھیں گے۔ جسٹس محمد علی مظہر نے ان سے استفسار کیا کہ مزید کتنا وقت درکار ہے؟ جس پر ادریس اشرف نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ 15 منٹ مزید چاہئیں ہوں گے۔ اس پر اٹارنی جنرل نے بھی کہا کہ مجھے بھی 15 منٹ لگیں گے۔