Live Updates

ایران کیخلاف اسرائیل کی فوجی کارروائی سے بہت فکر مند ہیں،چینی صدر

اسرائیل پر خصوصی اثر و رسوخ رکھنے والے ممالک فوری اقدامات کریں،شی جن پنگ

بدھ 18 جون 2025 16:22

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2025ء)چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ وہ ایران کے خلاف اسرائیل کی فوجی کارروائی سے "بہت فکر مند ہیں، چین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر بڑھتے ہوئے تنازعے پر "تیل چھڑکنے کا الزام بھی لگایا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق ٹرمپ کے ریمارکس کے بارے میں پوچھے جانے پر، چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکون نے کہا: "شعلوں کو بھڑکانے، تیل ڈالنے، دھمکیاں دینے اور بڑھتے ہوئے دبائو سے صورت حال میں کمی لانے میں مدد نہیں ملے گی، بلکہ اس سے تنازعہ کو مزید شدت اور وسعت ملے گی۔

(جاری ہے)

"چین تمام متعلقہ فریقوں، خاص طور پر اسرائیل پر خصوصی اثر و رسوخ رکھنے والے ممالک سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں، کشیدگی کو کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں، اور تنازع کو پھیلنے سے روکیں۔ چین کے صدر شی جن پنگ نے قازقستان میں ازبکستان کے صدر سے ملاقات کے دوران تنازعہ کو "جلد از جلد کم کرنے پر زور دیا۔شی نے کہا، "اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف فوجی کارروائی شروع کرنے سے مشرق وسطی میں کشیدگی میں اچانک اضافہ ہوا ہے، چین اس پر سخت پریشان ہے۔ "ہم کسی بھی ایسے عمل کی مخالفت کرتے ہیں جو دوسرے ممالک کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کرتا ہو۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات