نشے سے پاک پشاور مہم کے چوتھے مرحلے کا آغاز، 272افراد کو بحالی مراکز منتقل کر دیا گیا

بدھ 18 جون 2025 16:54

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2025ء) کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر نگرانی نشے سے پاک پشاور مہم کے چوتھے مرحلے کا آغاز کر دیا گیا ہے اور سڑکوں، گلیوں، قبرستانوں اور دیگر مقامات سےنشے کے عادی 272 افراد کو بحالی مراکز منتقل کر دیا گیا ہے جس میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ کمشنر پشاور ڈویژن کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق آپریشن روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گا جس میں پورے ضلع کو نشے کے عادی افراد سے پاک کرنے کےلیے پہلی مرتبہ تمام علاقہ ایس ایچ اوز کو بھی اپنے اپنے علاقوں میں موجود نشے کے عادی افراد کو تحویل میں لے کر بحالی مراکز منتقل کرنے کا پابند کیا گیا ہے ۔

اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر پشاور سٹی داؤد سلیمی کی سربراہی میں چار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں ضلعی انتظامیہ پشاور، محکمہ سماجی بہبود، محکمہ ایکسائز، پشاور پولیس اور رضاکار شامل ہیں جنہوں نے شعبہ پل ریلوے ٹریک، باچا خان چوک، اقبال پلازہ اسٹریٹ، فردوس بازار، دلہ زاک روڈ، ہشتنگری، خوشحال بازار اور دیگر مقامات پر چھاپے مار کر نشے کے عادی 272 افراد کو تحویل میں لے کربحالی مراکز منتقل کیا جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

تحویل میں لے گئے افراد کا 4 ماہ تک حکومت کی جانب سے مفت علاج کیا جائے گا اور مکمل صحت یابی کے بعد ان کو خاندانوں کے حوالے کیا جائے گا۔ اس سے قبل تین مرحلوں میں 3800 کے قریب افراد کا علاج کرکے ان کو خاندانوں کے حوالے کیا گیا ۔ کمشنر پشاور ڈویژن نے کہا کہ پشاور کو عملی طور پر نشے کے عادی افراد سے پاک کرنے کےلیے پولیس کو بھی پابند کیا گیا ہے کہ وہ نشے کے عادی افراد کو بحالی مراکز منتقل کریں ۔