تاجدار ختم نبوت و استحکام پاکستان کانفرنس 22 جون کو چوک پنڈوری میں منعقد ہوگی ، حافظ سعد رضوی کا خصوصی خطاب

جمعرات 19 جون 2025 16:43

کہوٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2025ء)تحریک لبیک پاکستان کے زیر اہتمام’’تاجدار ختم نبوت و استحکام پاکستان کانفرنس‘‘22 جون بروز ہفتہ چوک پنڈوری میں منعقد ہوگی۔ اس کانفرنس میں تحریک لبیک پاکستان کے مرکزی امیر حافظ علامہ سعد حسین رضوی خصوصی شرکت فرمائیں گے اور جلسے سے خطاب کریں گے۔امیر شمالی پنجاب و رکن مرکزی شوری سید عنایت الحق شاہ بھی اس موقع پر شریک ہوں گے۔

کانفرنس کی کامیابی کے لئے امیر کرین پارٹی ضلع راولپنڈی و امیدوار برائے ممبر صوبائی اسمبلی کرنل(ر)وسیم احمد جنجوعہ نے حلقہ پی پی سات میں دورے کئے اور جلسہ گاہ کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر کرنل وسیم احمد جنجوعہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "یہ اجتماع حلقہ پی پی سات کی تاریخ کا سب سے بڑا اور تاریخی اجتماع ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

غیور عوام اپنے محبوب قائد حافظ سعد رضوی کے استقبال کے لئے پرجوش اور بیتاب ہیں۔ ان شا اللہ ہزاروں کی تعداد میں عوام، کارکنان اور ورکرز کانفرنس میں شریک ہو کر اپنے مہمانوں کا شاندار استقبال کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ علامہ سعد رضوی کا خطاب نہ صرف ولولہ انگیز بلکہ پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کے لئے سنگ میل ثابت ہوگا۔ کرنل وسیم احمد جنجوعہ اس وقت دن رات کانفرنس کو کامیاب بنانے کے لئے سرگرم عمل ہیں اور ہر یونین کونسل و وارڈ میں متحرک رابطہ مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔

آخر میں کرنل وسیم احمد جنجوعہ نے حلقہ پی پی سات کے عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ کانفرنس عشقِ رسول ﷺ، ختم نبوت اور پاکستان کے استحکام کی آواز ہے، جس میں شرکت ہر محب وطن شہری کا فرض ہے۔