Live Updates

چین نے ایران اسرائیل جنگ میں امریکی مداخلت کی مخالفت کردی

عالمی برادری خصوصا بااثر بڑے ممالک کو اسرائیل ایران تنازع کے خاتمے میں کردار ادا کرنا چاہیے، چینی وزارت خارجہ

جمعرات 19 جون 2025 21:13

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2025ء)چین نے ایران اسرائیل جنگ میں امریکی مداخلت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عالمی تعلقات میں طاقت کے استعمال یا دھمکی کی مخالفت کرتا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بین الاقوامی برادری خصوصا بااثر بڑے ممالک کو اسرائیل ایران تنازع کے خاتمے میں کردار ادا کرنا چاہیے۔

ایران پر ممکنہ امریکی حملے سے متعلق سوال پر چینی ترجمان گو جیا کھون نے کہا کہ مشرق وسطی کی موجودہ صورتحال کشیدہ اور حساس ہے اوربے قابو ہونے کا خطرہ درپیش ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چین کسی بھی ایسے اقدام کی مخالفت کرتا ہے جو اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کی خلاف ورزی کرتا ہو اور دوسرے ممالک کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کرتا ہو۔

چین بین الاقوامی تعلقات میں طاقت کے استعمال یا دھمکی کی مخالفت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری، خاص طور پر بااثر بڑے ممالک کو غیر جانبدارانہ موقف اور ذمہ دارانہ رویہ اپنانا چاہیے تاکہ جنگ بندی ، بات چیت اور مذاکرات کی جانب واپسی کے لیے حالات پیدا کیے جا سکیں، اور علاقائی صورت حال کو مزید کشیدہ ہونے اور کسی بڑی تباہی کے وقوع پزیر ہونے کو روکا جا سکے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات