پاکستان سپورٹس بورڈ کے زیر انتظام پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے انتخابات جمعہ کولاہور میں ہوں گے

جمعرات 19 جون 2025 22:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2025ء) پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے انتخابات جمعہ 20 جون کو پاکستان سپورٹس بورڈ کے زیر انتظام پی ایس بی کوچنگ سینٹر لاہور میں دوپہر اڑھائی بجے منعقد ہوں گے جن میں صدر، سیکرٹری جنرل اور دیگر عہدوں کے لئے مقابلہ ہوگا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی گئی ہے جبکہ ضابطہ اخلاق اور ووٹنگ کے طریقہ کار سے متعلق ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

صدر کے عہدے کے لئے امیدواروں میں عبدالجواد، محمد طارق حسن اور ندیم احمد شامل ہیں۔ دیگر نمایاں امیدواروں میں این کاشف اصف نجیب، جاوید بٹ، مقصود صدیقی، محمد ارشاد، حافظ شیخ محمد، حمزہ فاروق، خان زیب، آصف بٹ، عمیر، شیخ صابر، جی پی کیپٹن محمد عمران قریشی، نثار خان خلجی، سہیل انور، محمد نعیم اختر، محمد نصیر، ارمغم مقیم اور محمد فرحان شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انتخابی ضابطہ اخلاق کے مطابق تمام ووٹرز اور امیدواروں کو اصل شناختی کارڈ یا پاسپورٹ ہمراہ لانا لازمی ہوگا۔ صرف رجسٹرڈ ووٹرز، امیدوار اور ان کے پولنگ ایجنٹس کو داخلے کی اجازت ہوگی۔ ووٹنگ خفیہ بیلٹ کے ذریعے ہوگی اور ہر ووٹر ایک ہی امیدوار کے حق میں "X" کا نشان لگائے گا۔ بیلٹ باکس پولنگ سے قبل امیدواروں کے ایجنٹس کو خالی دکھایا جائے گا اور ووٹنگ کے بعد ان کی موجودگی میں گنتی کی جائے گی۔

ووٹ اگر غیر واضح، خراب، دو یا زیادہ امیدواروں کے حق میں ہو یا ضابطے کے خلاف ہو تو مسترد کر دیا جائے گا۔ برابری کی صورت میں اگلے دن دوبارہ ووٹنگ یا کمیشن کی ہدایت کے مطابق فیصلہ ہوگا۔ الیکشن کمیشن نے کسی بھی قسم کی بدنظمی، مہم جوئی یا نعرے بازی پر سخت کارروائی کی وارننگ دی ہے جبکہ سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ حتمی نتائج کا باضابطہ اعلان کمیشن کی جانب سے تحریری صورت میں کیا جائے گا۔انتخابی کمیشن میں وسیم مجید ملک چیف الیکشن کمشنر جبکہ بابر سہیل اور زوہیب حسن گوندل ممبران شامل ہیں۔