چینی کے سٹے بازوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

وزیراعظم نے ایف آئی اے، آئی بی، آئی ایس آئی ،ایف بی آر سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو مکمل اختیارات تفویض کر دئیے

جمعرات 19 جون 2025 22:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2025ء)وفاقی حکومت نے چینی کے سٹے بازوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے چینی کی قیمتوں میں مصنوعی اضافے کی روک تھام کیلئے بڑے پیمانے پر کریک ڈائون کی منظوری دے دی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے ایف آئی اے، آئی بی، آئی ایس آئی سمیت ایف بی آر اور اسٹیٹ بینک سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو مکمل اختیارات تفویض کرتے ہوئے ذخیرہ اندوزوں، قیمتوں میں مصنوعی اضافے اور کارٹلائزیشن میں ملوث عناصر کے خلاف بلاتفریق قانونی کارروائی کی ہدایت کر دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف چھاپے، گرفتاریاں اور دیگر سخت اقدامات شامل ہوں گے۔ذرائع کے مطابق فیصلہ چینی کی قیمت میں غیرمعمولی اضافے کے بعد کیا گیا ہے، متعلقہ اداروں نے اپنی کارروائیاں تیز کر دیں، آئندہ دنوں میں بڑے پیمانے پر ایکشن متوقع ہے۔