بلوچستان میں 21 سے 23 جون تک پری مون سون بارشوں کی پیشگوئی،محکمہ پی ڈی ایم اے نے موسمی خطرات کاالرٹ جاری کردیا

جمعرات 19 جون 2025 19:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2025ء) محکمہ پی ڈی ایم اے نے محکمہ موسمیات کی بارشوں کے پیشنگوئی سے متعلق اضلاع کے انتظامیہ کوالرٹ رہنے کی ہدایت کردی ۔واضح رہے کہ پاکستان محکمہ موسمیات اسلام آباد اور ریجنل موسمیاتی مرکز کوئٹہ کی جانب سے ایک پری مون سون ایڈوائزری جاری کی گئی ہے جس میں 21 جون سے 23 جون 2025 کے دوران بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش، گرد آلود ہواں اور گرج چمک کے ساتھ طوفان کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال اور بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جبکہ 20 جون سے مغربی ہوا کا ایک سلسلہ بھی بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جس کے نتیجے میں موسم کی شدت میں اضافہ ہوگا۔اس موسمی نظام کے زیر اثر ژوب، شیرانی، بارکھان، موسی خیل، خضدار، قلات، سوراب، زیارت اور ملحقہ علاقوں میں بارش، گرد آلود ہواں اور گرج چمک کے ساتھ طوفان متوقع ہے۔پی ڈی ایم اے بلوچستان اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ممکنہ موسمی خطرات سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہیں اور پیشگی حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں۔