بھارتی حکومت علیل حریت رہنما شبیر شاہ کے ساتھ ہمدردانہ سلوک کرے ، محبوبہ مفتی

جمعہ 20 جون 2025 13:17

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) بھارت کےغیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے بھارتی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ غیر قانونی طورپر نظربند علیل حریت رہنما شبیر احمد شاہ کے ساتھ ہمدردانہ سلوک کرے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے ایک پوسٹ میں شبیر شاہ کی گرتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہار کیا اور انہیں علاج معالجے کی مناسب سہولت کی فراہمی پر زوردیا۔

انہوں نے کہاکہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں شبیر شاہ کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ شبیر شاہ طویل عرصے سے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں قید اور پروسٹیٹ کینسر میں مبتلا ہیں اور انہیں فوری سرجری کی ضرورت ہے۔انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہارکیاکہ بھارتی عدالتوں نے علاج معالجے کے دوران شبیر شاہ کے اہل انہ کو ان کے ساتھ رہنے سے روک دیا ہے۔ انہوں نے بھارتی سیکرٹری داخلہ سے اس معاملے پر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر غور کرنے کی اپیل کی۔ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر شاہ ایک جھوٹے مقدمے میں 2017سے مسلسل قید ہیں ۔ مودی حکومت نے ان کی جماعت ڈی ایف پی پر بھی غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون یو اے پی اے کے تحت پابندی عائد کر دی ہے۔