Live Updates

آئندہ مالی سال کے دوران پالیسی سازی میں غریب طبقے کی ضروریات کو اولین ترجیح دی جائے ،سینیٹر جان محمد بلیدی

جمعہ 20 جون 2025 13:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) سینیٹر جان محمد بلیدی نے کہا ہے کہ حکومت نے ایک متوازن بجٹ پیش کیا ہے جس میں مختلف شعبوں کو اہمیت دی گئی ہے تاہم انہوں نے زور دیا کہ حکومت کو عام آدمی کی مشکلات پر بھی توجہ دینی چاہیے اور بجٹ میں موجود "کنفلکٹ پوزیشنز" کو ختم کرتے ہوئے روزمرہ کے مسائل کے حل کے لیے مزید عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

جمعہ کووفاقی بجٹ 2025-26 ء پر بحث کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ مہنگائی، بے روزگاری اور سماجی تحفظ کے مسائل عام شہری کے لیے بڑی رکاوٹیں بن چکے ہیں، جن پر بجٹ میں زیادہ ٹھوس اقدامات کی توقع کی جا رہی تھی۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آئندہ مالی سال کے دوران پالیسی سازی میں غریب طبقے کی ضروریات کو اولین ترجیح دی جائے تاکہ ایک جامع اور پائیدار ترقی کا عمل یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان کے نئے منصوبوں کو آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا جائے تاکہ صوبے کی پسماندگی اور محرومی کا ازالہ ہو سکے،اسی طرح 'آغازِ حقوقِ بلوچستان' پراجیکٹ پر اب تک کیا پیشرفت بارے بتایا جائے ،حکومت اس حوالے سے ایوان کو مکمل طور پر آگاہ کرے۔سینیٹر نے مزید کہا کہ بلوچستان کی ترقی نہ صرف صوبے کے عوام کے لیے بلکہ پورے پاکستان کے استحکام کے لیے ضروری ہے، اور اس مقصد کے لیے بجٹ میں جامع اور ٹھوس اقدامات اٹھانا ناگزیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا خطہ اس وقت شدید مشکلات کا شکار ہے۔ اسرائیلی جارحیت جس کی پشت پناہی امریکہ کر رہا ہے، اب ایران پر حملہ آور ہو چکی ہے۔ ایرانی عوام اور ریاستی ادارے مسلسل اسرائیلی نشانے پر ہیں۔سینیٹر نے عالمی برادری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دنیا امریکہ پر دبائو ڈالنے میں ناکام رہی ہے تاکہ وہ اپنے حمایت یافتہ اسرائیل کو روکے۔ انہوں نے شام اور لبنان کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ان ممالک کو تباہ کرنے کے بعد اب ایران کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات