بھارتی حکومت بیمار شبیر شاہ کے ساتھ ہمدردانہ سلوک کرے ، محبوبہ مفتی

شبیر شاہ طویل عرصے سے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں قید اور پروسٹیٹ کینسر میں مبتلا ہیں اور انہیں فوری سرجری کی ضرورت ہے

جمعہ 20 جون 2025 14:40

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2025ء)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے بھارتی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ غیر قانونی طورپر نظربند علیل حریت رہنماء شبیر احمد شاہ کے ہمدردانہ سلوک کرے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے ایک پر ایک پوسٹ میں شبیر شاہ کی گرتی ہوئی صحت پر سخت تشویش کا اظہار کیا اور انہیں علاج معالجے کی مناسب سہولت کی فراہمی پر زوردیا۔

انہوں نے کہاکہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں شبیر شاہ کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ شبیر شاہ طویل عرصے سے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں قید اور پروسٹیٹ کینسر میں مبتلا ہیں اور انہیں فوری سرجری کی ضرورت ہے۔انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ بھارتی عدالتوں نے علاج معالجے کے دوران شبیر شاہ کے اہلخانہ کو ان کے ساتھ رہنے سے روک دیا ہے۔ انہوں نے بھارتی سیکرٹری داخلہ سے اس معاملے پر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر غور کرنے کی اپیل کی۔ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر شاہ ایک جھوٹے مقدمے میں 2017سے مسلسل قید ہیں ۔ مودی حکومت نے انکی جماعت ڈی ایف پی پر بھی غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون یو اے پی اے کے تحت پابندی عائد کر دی ہے۔