Live Updates

میثاق معیشت اور برآمدات پر مبنی نمو سے پاکستان کی معیشت تیزی سے ترقی کرسکتی ہے، وفاقی وزیرقیصراحمد شیخ

جمعہ 20 جون 2025 15:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ ملک میں سرمایہ کاری میں اضافہ کیلئے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پالیسیوں میں تسلسل کا یقین دلانا ضروری ہے، میثاق معیشت اور برآمدات پر مبنی نمو سے پاکستان کی معیشت تیزی سے ترقی کر سکتی ہے، بجٹ میں ایس ایم ایز کیلئے قرضوں کی شرح میں اضافہ کیا گیا ہے۔

جمعہ کو قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال کے بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے قیصر احمد شیخ نے کہاکہ بجٹ اہم دستاویز ہے، ملک کے اہم معاشی اشاریے بہترہے، مہنگائی میں کمی آئی ہے، ترسیلات زر 38 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ بجٹ میں ایس ایم ایز کیلئے قرضوں کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں اور اس کاحجم بڑھاہے،اس وقت مجموعی قرضہ کاچھ فیصد ایس ایم ایز کودیا جارہاہے اس میں اضافہ ضرری ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہاکہ غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے،ہم نے بہت کوشش کی ہے اور ایم اوایز پر دستخط بھی کئے ہیں تاہم ابھی بھی مطلوبہ اہداف حاصل نہیں کئے جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ خصوصی اقتصادی زونزمیں سہولیات کی فراہمی پر آئی ایم ایف نے بھی اتفاق کیاہے اور یہ سرمایہ کاری کے حوالہ سے ایک بڑا موقع ہے، تمام صوبوں میں یہ زونز موجود ہے، ہمیں غیر ملکی سرمایہ کاروں کوپالیسیوں کے تسلسل کایقین دلانا ہو گا، میثاق معیشت کے بغیرسرمایہ کاری نہیں آئیگی۔

انہوں نے کہاکہ ہماری آبادی میں اضافہ ہورہاہے تاہم اسی تناسب سے جی ڈی پی میں اضافہ نہیں ہوتا۔ نجکاری اور دیگرمعاملات پر تمام سیاسی جماعتوں کومل کر اتفاق رائے سے کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ جن ممالک نے تیزی سے ترقی کی ہے ان ممالک میں برآمدات پر مبنی نموکی حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔ پاکستان نے ماضی میں جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک کومنصوبہ بندی اور معیشت کے شعبہ میں رہنمائی فراہم کی تھی۔انہوں نے کہاکہ کم سے کم تنخواہ میں اضافہ ضروری ہے، چینیوٹ میں میڈکل کالج کے قیام کیلئے اقدامات کئے جائے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ حالیہ بھارتی جارحیت کے بعد دنیااور بالخصوص خطہ میں پاکستان کی پوزیشن بہترہوئی ہے، اس سے سرمایہ کاروں کوبھی ایک مثبت اور بہترپیغام گیاہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات