میرا رول کلیئر ہے، اسی کے مطابق کھیل رہا ہوں : محمد حارث

خود پر کام کر رہا ہوں اور گیم سے آگاہی کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہا ہوں، آخری سیریز میں سب نے دیکھا مجھ میں کتنی گیم سے آگاہی ہے : وکٹ کیپر بیٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 20 جون 2025 16:28

میرا رول کلیئر ہے، اسی کے مطابق کھیل رہا ہوں : محمد حارث
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 جون 2025ء ) پاکستان ٹیم کے نوجوان بیٹر محمد حارث کا کہنا ہے کہ میرا رول کلیئر ہے اسی کے مطابق کھیل رہا ہوں، مجھے تین نمبر پر کھیلنے کے لیے کہا گیا ہے جو کھیل رہا ہوں۔ 
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث نے کہا کہ اسکلز کیمپ اپنی غلطیوں کو دور کرنے کے لیے بہت اچھا ہے، ہمیں کوچز نے جو چیزیں بتائی ہیں اس پر کام کر رہے ہیں۔

 
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے محمد حارث نے کہا کہ میں خود پر کام کر رہا ہوں اور گیم سے آگاہی کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہا ہوں، آخری سیریز میں سب نے دیکھا مجھ میں کتنی گیم سے آگاہی ہے۔ 
محمد حارث نے کہا کہ سارے کیمپس مختلف ہوتے ہیں، اس کیمپس میں زیادہ کام پلیئر کی خامیوں پر ہو رہا ہے، صورتحال کے مطابق ہر کھلاڑی کے کھیلنے کی ضرورت رہتی ہے۔

(جاری ہے)

 
انہوں نے بتایا کہ اس وقت میں اپنے ڈیفنس پر زیادہ کام کرنے کی کوشش کر رہا ہوں، میں چوکوں چھکوں کے لیے مشہور ہوں اب سنگلز ڈبلز پر بھی کام کر رہا ہوں، بیٹ اسپیڈ اور پاور ہٹنگ پر کام کر رہے ہیں کیونکہ یہ آج کل بہت اہم ہے۔ 
محمد حارث کا کہنا ہے کہ میری خود کی بھی خواہش ہے کہ ریڈ بال کرکٹ بھی کھیلوں، ڈومیسٹک سیزن میں ریڈ بال کھیلا ہوں اور آگے بھی یہی کوشش ہے کہ اچھا کروں اور ریڈ بال ٹیم میں بھی آوں، کپتانی میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ 
دائیں ہاتھ کے بلے باز نے کہا کہ بگ بیش لیگ بہت بڑی ہے، پلیئرز کو نیک خواہشات ہیں، میرا فوکس اس وقت نیشنل ڈیوٹی پر ہے لیگز کا موقع ملتا رہتا ہے جب مکمل دستیاب ہوں گا تو کھیلوں گا۔