مہنگائی کم ہونے کے حکومتی دعووں کے باوجود مہنگائی کی اونچی اڑان جاری

ایک ہفتے میں آٹا، دالیں، ایل پی جی، پٹرول، ڈیزل، چکن، چاول، انڈوں سمیت 23 اشیاء مزید مہنگی ہو گئیں

muhammad ali محمد علی جمعہ 20 جون 2025 21:12

مہنگائی کم ہونے کے حکومتی دعووں کے باوجود مہنگائی کی اونچی اڑان جاری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جون2025ء) مہنگائی کم ہونے کے حکومتی دعووں کے باوجود مہنگائی کی اونچی اڑان جاری، ایک ہفتے میں آٹا، دالیں، ایل پی جی، پٹرول، ڈیزل، چکن، چاول، انڈوں سمیت 23 اشیاء مزید مہنگی ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات نے ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردئیے جس کے مطابق ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.27 فیصد کا اضافہ ہوگیا، مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح منفی 2.06 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

ایک ہفتے میں 23 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ 8 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 20 کی قیمتوں میں استحکام رہا، ایک ہفتے میں ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 452 روپے 47 پیسے مہنگا ہوا،زندہ مرغی فی کلو 7 روپے 28 پیسے مہنگی ہوئی، ایک ہفتے میں 2 روپے 90 پیسے فی کلو مہنگے ہوئے، ایک ہفتے میں چینی کی فی کلو قیمت میں 3 روپے 77 پیسے کا اضافہ ہوا،ایک ہفتے میں ٹوٹا باسمتی چاول فی کلو1 روپے 71 پیسے مہنگے ہوئے، دال مونگ اور دال ماش فی کلو 1 روپے 4 پیسے مہنگی ہوئی، آٹا، پٹرول، ڈیزل، گڑ، دال مسور، پیاز، گوشت، گھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں،انڈے فی درجن 31 روپے 2 پیسے سستے ہوئے، ٹماٹر فی کلو چار روپے 17 پیسے سستے ہوئے، لہسن فی کلو تین روپے 63 پیسے سستا ہوا ۔

(جاری ہے)