واسا سمیت صوبائی محکموں کے ذمہ12ارب 17کروڑروپے واجبات ہیں،طارق نذیر

جمعہ 20 جون 2025 21:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) ڈائریکٹر ریکنسیلی ایشن پنجاب طارق نذیرنے کہا ہے کہ واسا سمیت صوبائی محکموں کے ذمہ12ارب 17کروڑروپے واجبات ہیں۔ مالی سال 2024-25ء کے اختتام تک تمام واجبات کی ادائیگیاں درکار ہیں۔ صوبائی سرکاری اداروں کے ذمہ واجب الادا رقوم کی عدم وصولیوں سے میپکو کی ریکوری مہم بُری طرح متاثرہورہی ہے اور میپکو کو شدید مالی مسائل کا سامنا ہے۔

ان خیالا ت کا اظہارانہوں نے میپکو ہیڈکوارٹر میں صوبائی محکموں ،اداروں کے ذمہ واجب الادا بلز اور رننگ واجبات کی وصولی سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں میپکو کے افسران اور مختلف صوبائی محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔میپکو کی جانب سے ڈائریکٹر کمرشل اسد حماد نے نمائندگی کی اور ڈپٹی کمرشل منیجر میپکو ملتان سرکل سرور انصاری اور ایڈیشنل ایکسین کسٹمرسروسز ملتان تاج محمود قمر بھی موجودتھے۔

(جاری ہے)

طارق نذیرنے مزید کہا کہ تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (ٹی ایم ایز) کے ذمہ سب سے زیادہ 5ارب 35کروڑ روپے، واسا ملتان کے ذمہ 3ارب 44کروڑروپے، سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے ذمہ 97کروڑروپے، سلائین زون کے ذمہ ایک ارب 14کروڑروپے، محکمہ پولیس نے 36کروڑروپے، محکمہ جیل خانہ جات نے 8کروڑ89لاکھ روپے، پنجاب سمال انڈسٹریز نے 19کروڑ76لاکھ روپے، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ 26کروڑ16لاکھ روپے کے نادہندہ ہیں۔

ڈائریکٹر ریکنسیلی ایشن پنجاب نے تمام متعلقہ محکموں کے ذمہ واجبات کی ادائیگی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور امید ہے کہ تمام نادہندہ اداروں کے زیر التواء بجلی کے بلز30 جون 2025ء تک ادا کریں گے۔ڈائریکٹرکمرشل اسد حماد نے کہا کہ واجبات کی عدم ادائیگی پر میپکو متعلقہ قوانین کے تحت سخت اقدامات اٹھانے میں حق بجانب ہوگی جس میں بجلی کی منقطع فراہمی بھی شامل ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ واجب الادا سرکاری واجبات کی بروقت وصولی نہ صرف ادارے کی مالی پوزیشن کو مستحکم کرے گی بلکہ بجلی کی ترسیل اور دیگر خدمات کے معیار میں بہتری کا باعث بھی بنے گی۔