بانی پی ٹی آئی کیخلاف 10 ارب ہرجانے کی درخواست پر سماعت، وزیراعظم کی بذریعہ ویڈیو لنک شرکت

ہفتہ 21 جون 2025 22:44

بانی پی ٹی آئی کیخلاف 10 ارب ہرجانے کی درخواست پر سماعت، وزیراعظم کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2025ء) سیشن کورٹ لاہور میں وزیراعظم شہبازشریف کی بانی پی ٹی آئی کے خلاف ہتک عزت کیس کی سماعت کے دوران انٹرنیٹ رکاوٹ بن گیا۔ بار بار خراب ہوتا رہا۔ ادائیگی کے بغیر میٹنگ ایپ استعمال کرنے کے باعث وزیراعظم کو انتظار کرنا پڑا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایک ملک کا دورہ کرنا تھا لیکن اس کیس کی وجہ سے نہیں جاسکا۔

سیشن کورٹ لاہور میں ایڈیشنل سیشن جج یلماز غنی نے وزیراعظم شہباز شریف کی بانی پی ٹی آئی کے خلاف دس ارب روپے ہرجانہ کیس کی سماعت کی،وزیراعظم شہباز شریف ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران انٹرنیٹ رکاوٹ بن گیا۔ بار بار خراب ہوتا رہا۔ ادائیگی کے بغیر میٹنگ ایپ استعمال کرنے کے باعث وزیراعظم کو نئی میٹنگ کے لیے مزید دس منٹ انتظار کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا ہم تیکنیکی مسائل میں پھنسے ہوئے ہیں۔ ایک ملک کا دورہ کرنا تھا لیکن اس کیس کی وجہ سے نہیں جاسکا۔سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کے وکیل محمد حسین نے شہباز شریف پر تکنیکی بنیادوں پر جرح جاری رکھی، انہوں نے سوال کیا کہ آپ کو اوتھ کمشنر کے سامنے کس نے شناخت کیا،اس کا ذکر کہیں پر موجود نہیں ہے۔ شہباز شریف نے جواب دیا کہ ان چیزوں پر پہلے بحث ہو چکی ہے ،بار بار ایک سوال دہرا کر عدالت اور ایک حقیر درجہ میں میرا وقت ضائع کیا جا رہا ہے،بطور وزیر اعلی پنجاب اوتھ کمشنر مجھے ویسے بھی جانتے تھے۔

شہبازشریف نے کہا کہ جج صاحب! آپ کے سامنے کافی پیشیاں ہو چکی ہیں مگر ابھی تک مہروں اور دستخطوں کے علاہ کوئی بات نہیں ہوئی۔ شہباز شریف کے وکیل نے استدعا کی کہ ہم کچھ ثبوت جمع کروانا چاہتے ہیں، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اس کے لیے اپ کو تحریری درخواست دینا ہو گئی،اس کے بعد اس پر بات ہو گی۔ عدالت نے مزید سماعت پیر تک ملتوی کردی۔