وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی برطانوی پارلیمنٹ کے پاکستانی نژاد ارکان سے ملاقات

پیر 18 اگست 2025 21:23

وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی برطانوی پارلیمنٹ کے پاکستانی نژاد ارکان سے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے برطانیہ کی پارلیمنٹ کے پاکستانی نژاد ارکان محمد یاسین، طاہر علی، عمران حسین، ایوب خان اور عدنان حسین کے ساتھ مثبت ملاقاتیں کیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے پیر کو جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان گہرے تاریخی اور ثقافتی تعلقات پر زور دیا جو برطانیہ میں موجود پاکستانی کمیونٹی کی وجہ سے مزید مضبوط ہوئے ہیں۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں رابطہ میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا جو باہمی تفہیم، ثقافتی تبادلے اور عوامی رابطوں کو فروغ دیتا ہے۔ سینیٹر اسحاق ڈار نے برطانیہ کے ساتھ دو طرفہ پارلیمانی تعلقات کو بڑھانے کے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایسی ملاقاتیں جمہوری تجربات، بین الاقوامی بہترین طریقوں اور بنیادی جمہوری اقدار کے تبادلے کا موقع فراہم کرتی ہیں جو دونوں ممالک میں جمہوری اداروں کی ترقی اور استحکام کے لیے اہم ہیں۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے برطانوی ارکان پارلیمنٹ کی بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مظالم کے بارے میں آگاہی بڑھانے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے ان کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا کہ وہ برطانیہ کی پارلیمنٹ میں ان مسائل کو اٹھاتے ہیں اور عوامی شعور بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔