Live Updates

پٹرولیم مصنوعات کی کوئی قلت نہیں ، وافر ذخائر موجود ہیں ، اوگرا

اتھارٹی حالات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور قومی توانائی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بروقت اقدامات جاری رکھے جائیں گے،ترجمان

ہفتہ 21 جون 2025 22:30

F اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جون2025ء)آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے واضح کیا ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی کوئی قلت نہیں، اور موجودہ طلب کو پورا کرنے کے لیے ذخائر وافر مقدار میں موجود ہیں۔اوگرا کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہاکہ اتھارٹی حالات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور قومی توانائی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بروقت اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

واضح رہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدہ صورتحال کے پیش نظر وفاقی حکومت نے ملک میں تیل کی رسد کو مستحکم رکھنے کے لیے تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو کم از کم 20 دن کا تیل ذخیرہ رکھنے کی ہدایت جاری کی ہے۔اس ضمن میں اوگرا نے باقاعدہ طور پر کمپنیوں کو خط بھیجا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ علاقائی تناؤ کے باعث تیل کی ترسیل متاثر ہو سکتی ہے، لہٰذا تمام کمپنیوں کو ذخیرہ یقینی بنانا ہوگا۔

(جاری ہے)

حکومت کی ہدایت پر پاکستان اسٹیٹ آئل (PSO) نے فوری طور پر قریباً 7 کروڑ لیٹرز پیٹرول کی درآمد کے لیے ہنگامی ٹینڈر جاری کر دیا ہے، جو ایک تیل بردار جہاز کے ذریعے ملک میں لایا جائے گا۔ابتدائی طور پر یہ جہاز 6 جولائی کو کراچی پہنچنے والا تھا لیکن اب اسے ہنگامی بنیادوں پر 26 جون کو لانے کی ہدایت دی گئی ہے۔پی ایس او حکام کے مطابق اس اقدام کے بعد ملک میں یکم جولائی تک 14 کروڑ لیٹرز سے زیادہ پیٹرول کا اضافی ذخیرہ موجود ہوگا۔حکام نے اشارہ دیا ہے کہ اگر ضرورت محسوس ہوئی تو مزید ہنگامی درآمدی ٹینڈرز بھی جاری کیے جائیں گے تاکہ ملک میں توانائی کی سپلائی کو کسی صورت متاثر نہ ہونے دیا جائے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات