Live Updates

امریکا بھی ایران پر اسرائیلی حملوں میں شامل ہو گیا ،ایران میں تین مقامات پر جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا

اتوار 22 جون 2025 12:20

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2025ء) امریکا بھی ایران پر اسرائیلی حملوں میں شامل ہو گیا ہے اور اس نے ایران میں تین مقامات پر جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان حملوں میں ایران کی اہم جوہری تنصیبات کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق ٹیلی ویژن پر قوم سے خطاب میں امریکی صدر نے کہا کہ ایران کو اب امن قائم کرنا چاہیے۔

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی حملوں کو اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے ان کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ایران کو اپنے دفاع کا پورا حق حاصل ہے۔ ایکس پر جاری اپنے بیان میں ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران پر امریکی حملوں کے نتائج ہمیشہ باقی رہنے والے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حملے غیر قانونی اور مجرمانہ رویئے کا مظہر ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق ایران کے پاس اپنے دفاع میں ان حملوں کا جواب دینے کا قانونی حق موجود ہے اور وہ اپنی خودمختاری کے دفاع کے لئے تمام آپشن استعمال کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ ایران کے جوہری توانائی کے ادارے نے امریکی حملوں کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی اور بربریت قرار دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ادارہ ایرانی قوم کو یقین دہانی کراتا ہے کہ وہ قومی جوہری صنعت کو ترقی دینے کی راہ ترک نہیں کرے گا کیونکہ اس کے لئے ہمارے جوہری سائنسدانوں نے اپنے خون کی قربانی دی ہے۔

دریں اثنا اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے ایران پر امریکی حملوں کو خطے میں جاری کشیدگی میں خطرناک اضافہ قرار دیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ خطے میں افراتفری کے چکر سے گریز بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں۔ آگے بڑھنے کا راستہ صرف بات چیت اور سفارتکاری ہے۔امریکی اپوزیشن جماعت ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنماؤں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر امریکا کو اسرائیل ایران جنگ میں شامل کرنے کا الزام عائد کیا ہے اور کہا ہے کہ صدر نے امریکی عوام کو گمراہ کیا اور وہ کانگرس سے فوجی طاقت کے استعمال کی اجازت لینے میں ناکام رہے۔

انہوں نے کہا کی صدر نے امریکا کو مشرق وسطی کے تباہ کن تنازعے میں ملوث کر لیا۔ ڈیموکریٹ رہنما حکیم جیفریز نے کہا کہ اس یکطرفہ کارروائی کے تمام منفی نتائج کی ذمہ داری صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کندھوں پر ہو گی۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات